پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی پہلی بار کپتانی کر کے اسے ٹائٹل جتوانے والے شاہین شاہ آفریدی سے اب آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترنے کا انتظار نہیں ہو پارہا۔
فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے ٹوئٹر پر میچ پریکٹس کی کچھ تصاویر شیئر کیں اور اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کو تاریخی قرار دیا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز کے لیے سابق کرکٹرز اور انٹرنیشنل کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، جس میں انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس شامل ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے راولپنڈی میں شروع ہورہا ہے، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں 12 مارچ اور تیسرا لاہور میں 21 مارچ سے شیڈول ہے۔