• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بالی ووڈ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ فلمی ستارے
بالی ووڈ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ فلمی ستارے

عموماََ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اداکاری یا موسیقی کے شعبے میں کیریئر بنانے کے لیے کسی کو اعلیٰ تعلیم کی ضرورت نہیں ہوتی ہے اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایسے بہت سے اداکار موجود بھی ہیں جو کہ زیادہ تعلیم یافتہ نہیں ہیں۔

تاہم، اس بات سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا کہ تعلیم سےانسان کے اعتماد اور ترقی میں اضافہ ہوتا ہے، جو کہ فن کے شعبے میں کیریئر کے لیے بھی دو طاقتور ہتھیار ہیں۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بالی ووڈ کے کچھ انتہائی کامیاب بالی ووڈ ستاروں کی فہرست تیار کی گئی ہے جن کے لیے تعلیم فلمی دنیا میں نام کمانے سے زیادہ اہم تھی۔

1- امیتابھ بچن

بالی ووڈ کے بگ بی کا شمار انڈسٹری کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے لوگوں میں ہوتا ہے۔

اُنہوں نے نینی تال کے شیرووڈ کالج سے گریجویشن مکمل کی تھی اور پھر کیروری مال کالج سے آرٹس اور سائنس میں دو ڈگریاں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ انہیں آسٹریلیا کی کوئنز لینڈ یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا ہے۔

2- شاہ رخ خان

بالی ووڈ کے بادشاہ، اداکار شاہ رخ خان بھی ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جن کی تعلیمی قابلیت بہت زیادہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، شاہ رخ خان اپنے اسکول اور کالج دونوں میں ایک بہترین طالب علم تھے اور انہوں نے اپنے تعلیمی دور میں کئی ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

انہوں نے سینٹ کولمبیا اسکول سے اپنی تعلیم مکمل کی اور پھر معاشیات میں گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے کے لیے ہنسراج کالج میں داخلہ لیا اور پھر ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ گئے۔

تاہم، اداکاری کے شعبے میں مصروفیات بڑھ جانے کی وجہ سے وہ ماسٹرز کی ڈگری حاصل نہیں کرسکے۔

3- جان ابراہم

اداکار جان ابراہم نے معروف نرسی مونجی کالج آف مینجمنٹ اسٹڈیز سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔

انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بمبئی اسکاٹش اسکول سے حاصل کی اور پھر جئے ہند کالج سے معاشیات میں ڈگری حاصل کی۔

4- ودیا بالن

ودیا بالن نے 16 سال کی عمر میں مشہور ٹی وی شو ہم پانچ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا لیکن وہ اب بھی بالی ووڈ کی سب سے پڑھی لکھی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے سینٹ زیویئر کالج سے سوشیالوجی میں گریجویشن کیا اور اداکاری کو ایک مکمل پیشے کے طور پر منتخب کرنے سے پہلے ممبئی یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔

5- آیوشمان کھرانہ

اداکار آیوشمان کھرانہ کا بھی ایک بھرپور تعلیمی ریکارڈ ہے جس میں ڈی اے وی کالج، چندی گڑھ سے انگریزی ادب میں بیچلر کی ڈگری شامل ہے۔

اس کے علاوہ اُنہوں نے چندی گڑھ کے اسکول آف کمیونیکیشن اسٹڈیز سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز بھی مکمل کیا۔

6- پرینیتی چوپڑا

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے برطانیہ کے مانچسٹر بزنس اسکول سے بزنس، فنانس اور اکنامکس میں ٹرپل آنرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

7- ورون دھون

اداکار ورون دھون کا شمار بھی بالی ووڈ کے پڑھے لکھے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی ناٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی سے بزنس مینجمنٹ میں ڈگری حاصل کی ہے۔

8- سارہ علی خان

سارہ علی خان بھی اپنی شخصیت سے سب کے دل جیتنے میں کامیاب رہی ہیں اور وہ اپنے اعتماد اور دلکشی کی ایک وجہ اپنی تعلیم کو قرار دیتی ہیں۔

انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بیسنٹ مونٹیسوری اسکول، ممبئی سے مکمل کی اور پھر کولمبیا یونیورسٹی، نیویارک میں تاریخ اور سیاسیات کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید