• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشام: چینی انجینئرز پر حملے سے متعلق حساس ادارے کا مراسلہ سامنے آگیا


حساس ادارے نے مالاکنڈ ڈویژن میں خود کش حملے کا الرٹ 15 مارچ کو جاری کیا تھا۔

بشام میں چینی انجینئرز پر حملے کے معاملے میں حساس ادارے کا مراسلہ جیو نیوز کو موصول ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے مالاکنڈ ڈویژن میں خود کش حملے کا الرٹ 15 مارچ کو جاری کیا تھا، مراسلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گردوں کے نام بھی جاری کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق الرٹ میں دہشت گردوں قاری موسیٰ، مولوی ضرار، مولوی سجاد اور عون ارمانی کے نام شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق حساس ادارے کے الرٹ میں دہشت گردوں کے 25 کلو پوٹاشیم اور خودکش حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی خریداری کا بھی ذکر تھا۔

الرٹ میں بتایا گیا کہ گاڑی سوات سے ڈھائی لاکھ روپے میں خریدی گئی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس خیبر پختونخوا نے آر پی او اور ڈی پی او مالاکنڈ کو 15 مارچ کو الرٹ سے آگاہ کیا تھا، اس کے باوجود مالاکنڈ پولیس نے موثر اقدامات نہیں کیے۔

ذرائع کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع بشام میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر 26 مارچ کو خودکش حملہ کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق حساس ادارے کے الرٹ کے باوجود مالاکنڈ پولیس نے موثر اقدامات نہ کیے، حملے کی پاداش میں آر پی او ہزارہ کو معطل کردیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید