• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحی نعیم، کراچی

ہر سال ماہِ شعبان کے آخری عشرے میں تقریباً ہر دوسرے مسلمان گھرانے میں ایک ہلچل کی سی نظر آتی ہے۔ بجائے اس دُعا کے کہ یہ دُعا کی جائے’’اے اللہ !ہمیں رجب و شعبان میں برکت عطا فرما اور ماہِ صیام تک پہنچادے۔‘‘ ہماری فکریں کچھ اور ہی نوعیت کی حامل ہوتی ہیں۔ عام طور پر گھروں کی صفائی ستھرائی، ملبوسات کی تیاری، راشن کی خریداری، انواع و اقسام کے پکوان تیار کرکے فریز کرنے اور اسی قسم کی دیگر ترجیحات ہمارے پیشِ نظر رہتی ہیں ۔حالاں کہ ہم سب ہی اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ رمضان المبارک خاص عبادت و ریاضت کا مہینہ ہے۔ یہ ہم دردی و غم خواری، نیکی و پرہیز گاری اور انفاق فی سبیل اللہ کے ایّامِ مبارک ہیں، جن میں ایمان و قیام کی مضبوطی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

چوں کہ رمضان المبارک کے روح پرور لمحات ایک ماہ پر محیط ہوتے ہیں، تو ہمیں چاہیے کہ اپنے امور کی فہرست کچھ اس طرح ترتیب دیں کہ اس ماہِ مبارک کی زیادہ سے زیادہ برکات و فضائل سمیٹ سکیں۔ بے شک ہماری ترجیحات میں ہمارا گھر بھی شامل ہے اور معمول کے فرائض انجام دینا بھی ہماری ہی ذمّے داری ہے، لیکن ساتھ یہ خیال بھی رکھا جائے کہ گھریلو امور کی انجام دہی ہمیں اپنے حقیقی مقصد سے غافل نہ کردے۔

ماہِ رمضان کے آغاز سے قبل خود سے یہ عہد کریں کہ ہم نے اپنے رب کو راضی کرنے کے لیے عبادات پر بھرپور توجّہ دینی ہے۔ قرآنِ کریم کی تلاوت، مستحقین کی مدد کا خاص اہتمام کرنا ہے اوراس ماہ کو ’’فوڈ فیسٹیول‘‘ نہیں بنانا۔ بہتر تو یہی ہے کہ’’کم کھانے، کم بولنے اور کم سونے‘‘کو اپنا سلوگن بنالیا جائے۔ ماہِ صیام سے متعلق متعدّد احادیثِ مبارکہﷺ موجود ہیں، تو آغاز سے قبل انہیں اپنے مطالعے میں لائیں تاکہ ازسرِنو یاددہانی ہوجائے۔ بعد ازاں، اللہ کے ذکر کو اپنا معمول بنائیں، فکرِ آخرت پر توجّہ مرکوز رکھیں اور حتی الامکان کوشش کرکے اپنے نفس کی بُرائیوں کے خلاف جہاد کریں۔

رمضان المبارک وہ مہینہ ہے، جب اللہ پاک جنّت کو مومنین کے لیے آراستہ کرتے ہیں، سرکش شیاطین قید کردئیے جاتے ہیں اور اللہ پاک خیر کے طالب کو صدا لگاتے ہیں۔ یاد رہے، چھوٹے سے چھوٹا عمل اگر اِخلاص کی نیّت سے کیا جائے، تو وہ سمندر جتنا ہوجاتا ہے۔ یوں بھی ماہِ صیام کو تو مغفرت و بخشش، رحمت و شفقت سے موسوم کیا گیا ہے، جس میں ربِّ کائنات کے دَر سے کوئی خالی ہاتھ نہیں جاتا، لہذا پھر سے اپنی اپنی جھولیاں بھرنے کی تیاری کریں اور اللہ سے دین و دُنیا کی فلاح خرید لیں۔

سنڈے میگزین سے مزید