افشاں مراد
وہ دَور کس قدر حسین تھا، جب ماہِ صیام آنے کی خوشی، ہر خوشی پر بھاری ہوا کرتی تھی۔ امّاں کے ساتھ مل کر گھر بھرکی صفائی کی جاتی۔ جائے نمازیں دھو کے عطر لگا کر رکھی جاتیں۔یک سوئی سے عبادت کرنے کی غرض سے گھر کا کوئی ایک کمرا بھی مخصوص کر دیا جاتا کہ کسی کی بےجا مداخلت سے خلل نہ پڑسکے۔ آخری عشرے میں تو گویا گھر میں ایمرجینسی نافذ کردی جاتی کہ کسی نے کوئی غیر ضروری کام نہیں کرنا۔ حتیٰ کہ بچّوں کو ٹی وی کے پاس تک پھٹکنے کی اجازت نہ ہوتی ۔ طاق راتوں میں جاگنے اور نوافل و تلاوت کا خاص اہتمام کیا جاتا ۔
سحری کے لیے بھی عموماً روٹی رات ہی کو پکا لی جاتی،تاکہ تہجد پڑھنے کی مہلت مل سکے۔اسی طرح سالن ،خاگینہ یا دہی وغیرہ کا انتظام بھی پہلے ہی سے کرکے رکھ لیا جاتا تھا،جب کہ بچّوں کے لیے خاص طور پرکھجلہ، پھینی بنائی جاتی کہ انہیں روزے کی حالت میں کم زوری محسوس نہ ہو۔سونے جاگنے کے بھی اوقات مقرر تھے۔
اسی طرح عید کی تیاریاں بھی ماہِ شعبان ہی میں مکمل کرلی جاتیں کہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ وقت عبادت کو دیا جاسکے ۔ عام طو ر پر گھروں میں افطار کے لیے صحن میں اُجلی چادر پر دسترخوان بچھایا جاتا اور افطار سے دس منٹ قبل گھر کے تمام افراد دسترخوان پرموجود ہوتے ۔ ابّو یا بڑے بھائی اذان ہونے تک دُعائیں پڑھواتے اور چھوٹی چھوٹی اچھی باتیں اور احادیث سُناتے ۔
آہ…!! آج کا زمانہ دیکھیں، تو کچھ بھی پہلے جیسا نہیں رہا۔ اذان ہونے تک ٹیبل یا دسترخوان پر بچّوں کا آنا محال ہوتا ہے، سب اپنے اپنے موبائلز کی دُنیا میں گم رہتے ہیں۔ پورا رمضان بازاروں کے چکر، خریداریاں اور گھومنا پھرنا ختم نہیں ہوتا۔نوجوان رات رات بَھر باہر بے مقصد پھرتے ہیں اور سحری کرکے گھروں لوٹتے ہیں۔ رات بَھر جاگنا، دِن بَھر سونا معمول بن گیاہے۔ سحری میں خواہش ہوتی ہے کہ گرم پراٹھوں کے ساتھ کباب، سالن، دہی، لسّی اورچائے ہو۔
انہیں لوازمات کے اہتمام میں تہجد کا وقت پورا ہوجاتا ہے۔اسی طرح افطار میں چھولے، دہی بڑے، رول، سموسے، چاٹ، شربت، لسّی، ملک شیک سمیت کئی اشیاء بنائی جاتی ہیں اور رہی سہی کسر کوکنگ چینلز نے پوری کردی ہے۔ خواتین اِسی فکر میں ادھ موئی ہوئی جاتی ہیں کہ کون سی نئی ترکیب آزمائیں۔یوں ان تمام غیر ضروری کاموںمیں عبادت کی تڑپ کہیں بہت پیچھے ہی رہ جاتی ہے کہ چٹور پن سے جان چُھوٹے تو کوئی آگے کی سوچے۔
اُس دَور کے روزے کتنے سادہ، پاکیزہ اور محترم ہوتے تھے، ان کی خوشی ومسّرت ہی الگ ہوتی تھی۔ ہر لمحہ یہ خیال ذہن میں رہتا کہ کسی بھی چھوٹی سی نیکی اور عبادت کا اجر کئی گُنا بڑھ کر ملے گا۔ اب تو بچّوں سے ماہِ رمضان کے بارے میں پوچھیں، تو وہ یہی کہتے ہیں کہ مزے مزے کے کھانے کھانے کو ملیں گے۔ رات بَھر جاگ کر گیمز کھیلیں گے اور سحری نشریات سے لُطف اندوز ہوں گے کہ اس میں تفریح طبع کا اتنا سامان ہوتا ہے کہ دِل ہی نہیں چاہتا کہ اسے چھوڑ کر اُٹھیں اور کچھ نوافل وغیرہ ہی پڑھ لیں۔
گزشتہ برس تو کورونا وائرس نے رمضان کی رونقوں کو گہنا دیا تھا، جو مسجدیں رمضان کے بہانے آباد ہوجاتی تھیں، وہ بھی نہ ہو سکیں۔ وہ قرآن کے دَور، تراویح، سڑکوں پر ہزاروں لوگوں کے افطار کے انتظامات سب کے سب اس چھوٹے سے وائرس نے تتّر بتّر کر کے رکھ دیے تھے۔ پوری دُنیا میں ویرانی چھا گئی تھی اور اِمسال بھی کورونا کے مہلک وار جاری ہیں۔ تو ایسے میں ہماری اللّٰہ ربّ العزّت سے یہی دُعا ہے کہ اس رمضان میں اپنے حبیب ﷺ کے صدقے ہمیں اس وبا سے ہمیشہ کے لیے نجات دے دے ۔آمین، ثم آمین۔