• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ملینیئم گولز 2015ء حاصل کرسکا، نہ یو ایچ سی 2030ء کے حصول کا کوئی امکان ہے

بات چیت: عالیہ کاشف عظیمی

عکّاسی: اسرائیل انصاری

’’عالمی ادارۂ صحت‘‘اقوامِ متحدہ کا ایک ذیلی ادارہ ہے، جس کا قیام 7اپریل 1948ء کو عمل میں آیا۔ بعد ازاں،1950ء میں پہلی بار اس ادارے کے زیرِ اہتمام دُنیا بَھر میں ہر سال باقاعدگی سے اِسی تاریخ کو ’’عالمی یومِ صحت‘‘ منانے کا اعلان کیا گیا، جس کا مقصد عوام النّاس کو عمومی صحت کی بہتری سمیت مختلف عوارض سے بچائو کے طریقوں اور حفظانِ صحت کے اصولوں سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ رواں برس اس یوم کے لیے جو تھیم منتخب کیا گیا ہے، وہ ہے،"Our planet, Our Health:Health Promotion For Well-being,Equity And Sustainable Development." ۔یعنی ہمارا سیّارہ، ہماری صحت:بہبود، مساوات اور پائیدار ترقّی کے لیے صحت کا فروغ۔ اس تھیم کے ذریعے ایک ایسی دُنیا کا تصوّر اُجاگر کیا جا رہا ہے، جہاں تمام افراد کو صاف ہوا، پانی اور خوراک میسّر ہو، جہاں معاشی طور پر لوگوں کی بہبود اور صحت کو ترجیح دی جائے، جہاں شہروں کو رہنے کے قابل اور لوگوں کو اپنی صحت اور کرۂ ارض کی صحت کی حفاظت کے لیے بااختیار بنایا جائے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ہر سال دُنیا بَھر میں13ملین سے زائد اموات کی وجہ ماحولیاتی عوامل ہیں۔

دُنیا بَھر میں صحت مند معاشروں کی تشکیل ہر لحاظ سےبےحداہم ہے ،کیوں کہ صرف صحت مند افراد ہی معاشی، معاشرتی، سماجی، سیاسی ، علمی اور تحقیقی اعتبار سے قوموں کے مجموعی مقاصد کے حصول میں اپنا بہترکردار ادا کر سکتے ہیں۔ بہرکیف، ہم نے ’’عالمی یومِ صحت‘‘ کے موقعے پرجناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی کے’’اپنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ‘‘ کی بانی، چیئرپرسن، پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ انصاری بیگ سے خصوصی بات چیت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ انصاری بیگ نے 1982ء میں سندھ میڈیکل کالج/ یونی ورسٹی آف کراچی سے ایم بی بی ایس کیا۔ 1989ء میں اوکلاہوما یونی ورسٹی، امریکا سے ایم پی ایچ(ماسٹر آف پبلک ہیلتھ) کی ڈگری حاصل کی۔ اگست1998ء میں کمیونٹی میڈیسن میں ایف سی پی ایس کیا۔ 2004ء میں یونی ورسٹی آف ڈینڈے (University Of Dundee,uk) ، برطانیہ سے ایم ایم ای ڈی(ماسٹر آف میڈیکل ایجوکیشن)مکمل کیا اوراپریل 2007ء میں کینیڈا کی یونی ورسٹی آف کیلگری سے ڈاکٹر آف فلاسفی کی ڈگری حاصل کی۔

انہیں پاکستان، مشرقِ وسطیٰ، سعودی عرب، نیپال، بنگلا دیش میں کمیونٹی میڈیسن کی پریکٹس کا لائسینس حاصل ہے۔ ڈاکٹر لبنیٰ نے اپنے کیرئیر کا آغا خان یونی ورسٹی، کراچی سے کیا۔ بعد ازاں کئی مُلکی و غیر مُلکی کئی اداروں میں خدمات انجام دیں۔ اس وقت جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی کے’’اپنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ‘‘ کی فاؤنڈنگ ڈین، چیئرپرسن اور پروفیسر ہیں، جب کہ انٹرنیشنل گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن پروگرام یونی ورسٹی آف امبروسیانا، اٹلی سے بھی بطور پروفیسر وابستہ ہیں۔ پاکستان سمیت کینیڈا، سعودی عرب اور دیگر مُمالک کی صحت سے متعلقہ مختلف تنظیموں، اداروں کی جانب سے کئی ایوارڈز وصول کرچُکی ہیں۔ ڈاکٹر صاحبہ سے ہونے والی گفتگو کی تفصیل ملاحظہ فرمائیے۔

’’عالمی یومِ صحت‘‘ کے موضوع پر پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ انصاری بیگ سے خصوصی بات چیت

س:عالمی ادارۂ صحت کے زیرِ اہتمام ہر سال مختلف تھیمز کے ساتھ ’’عالمی یومِ صحت‘‘ منایا جاتا ہے، آپ کے خیال میں ایک بہتر اور صحت مند دُنیا کی تعمیر کس طرح یقینی بنا ئی جا سکتی ہے؟

ج: دُنیا بَھر میں’’ عالمی یومِ صحت ‘‘منایا جاتا ہے، مگر یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ صرف ایک دِن کے لیے ہمارا فوکس صحت سے متعلقہ مسائل پر رہتا ہے اور ہر سطح تک صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے بُلند بانگ دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن جوں ہی دِن ڈھلتا ہے، ہم سب کچھ بھول جاتے ہیں، کیوں کہ اب اس شعبے میں اشتہار بازی اس قدر بڑھ چُکی ہے کہ ہم اپنے اصل اہداف سے بہت پیچھے ہٹتے جارہے ہیں۔ اصولی طور پرجب تک ہر فرد کو عملاً بلا تفریق معیاری اور سَستی طبّی سہولتیں فراہم نہیں کی جائیں گی،دُنیا بَھر میں صحت کا جامع نظام قائم نہیں ہو سکے گا۔ 

رہی بات یہ کہ ہم اپنی دُنیا کیسے صحت مند رکھ سکتے ہیں ،تو اس ضمن میں صرف اتنا ہی کہوں گی کہ خواتین میں تعلیم عام کردی جائے۔ ہمارے سامنے بھارتی شہر ،کیرالہ کی مثال ہے، جس نے شرحِ خواندگی میں اضافہ کرکے صحتِ عامّہ کی صُورتِ حال بہتر بنائی۔ یہ بہت صاف ستھرا شہرہے اور جہاں صفائی ستھرائی ہو، وہاں بیماریوں کی شرح خود بخود کم ہو جاتی ہے۔ا گر ہم صحت مند معاشرے کا عملاً قیام چاہتے ہیں، تو ہمیں اپنی شرحِ خواندگی بڑھانی ہو گی ، خاص طور پر خواتین کے لیے کم از کم میٹرک تک تعلیم لازمی قرار دینا ہو گی،مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں بیٹیوں کی گھریلوتربیت اور بیٹوں کی تعلیم پر زور دیا جاتا ہے۔

نمایندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے
نمایندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے

س: رواں برس کا تھیم "Our planet, Our Health: Health Promotion for Well-being, Equity and Sustainable Development" ہے،اس سے متعلق کیا کہیں گی؟

ج: زمین ہمارا سیّارہ ہے،جسے اللہ تعالیٰ نےسرسبز و شاداب بنایا اور متعدّد قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ، لیکن ہمارے ماحول میں بعض ایسے مضر عناصر شامل ہورہے ہیں، جوسخت آلودگی کا باعث بن رہے ہیں اور ان کے اثرات ہماری صحت پر بھی مرتّب ہوتے ہیں، لہٰذا اپنے سیّارے اور صحت دونوں میں توازن لانا اشد ضروری ہے اور یہ تب ہی ممکن ہوگا، جب ہم اپنی صحت کی طرح اپنی زمین کا بھی خیال رکھیں گے۔ دراصل ہم اپناماحول صاف ستھرا رکھ کر ہی پائیدار ترقّیاتی اہداف حاصل کرسکتےہیں۔

یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ اقوامِ ِمتحدہ نے پائیدار ترقّیاتی اہداف (SDG:Sustainable Development Goals)کے حصول کےلیے یو ایچ سی۔ 2030ء(UHC:Universal Health Coverage-2030) پروگرام مرتّب کیا، جس میں صحت کے لیے مالی تحفّظ ، بنیادی ضروریات، دیکھ بھال کا نظام، معیاری، سَستی ادویہ اور ویکسین کی فراہمی شامل ہیں۔ صحت مند معاشرے سے مُراد یہ نہیں کہ کبھی کوئی فرد بیمار ہی نہ پڑے، بلکہ صحت مند معاشرے کا مطلب ہے کہ ہمارے پاس جس قدر وسائل ہوں، وہ لوگوں میں ان کی ضرورت کے مطابق تقسیم کر دئیے جائیں۔مذکورہ تھیم بھی اسی نظریے کی تشہیر ہے، تاکہ معاشرے کا کوئی بھی فرد صحت کی بنیادی سہولتوں کے حصول میں پیچھے نہ رہے۔ لیکن ہمارے یہاں وسائل کی تقسیم کا نظام شفّاف نہیں کہ ایک فرد کو تو اُس کی ضرورت سے زائد صحت کی سہولیتیں دستیاب ہیں ، لیکن دوسرے کو سِرے سے میسّر ہی نہیں۔

س: عالمی ادارۂ صحت کا ماننا ہے کہ کسی بھی مُلک میں صحتِ عامّہ کی صورتِ حال اُسی وقت بہتر ہو سکتی ہے کہ جب وہاں غربت، بے روزگاری، معاشی استحصال اور شرحِ امراض کی روک تھام جیسے مسائل پر فوکس کیا جائے گا ، مگر ہمارے یہاں تو ان سب مسائل کی شرح کم ہونے کی بجائے بڑھ ہی رہی ہے؟

ج: جی ،یہ بالکل درست ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ تعلیم حاصل کرنے سے انسان میں شعور پیدا ہوتا ہے اور ہمارے یہاں تعلیم ہی عام نہیں۔ اس وقت بنگلا دیش کا جی ڈی پی اے ہمارے مُلک سے کہیں بہتر ہے، وہاں خواندگی کی شرح بھی بُلند ہے، پولیو کا خاتمہ ہوئے عرصہ گزر چُکا ، ویکسی نیشن لگوانے کا رجحان 100فی صد ہے۔ جب بنگلا دیش آزاد ہوا، تو وہاں کی آبادی ہم سے بہت زیادہ تھی، آج ہم اُن سے زیادہ ہیں۔ 

وہاں حالات میں بہتری تعلیم عام کرنے سے آئی۔ یقیناً بنگلا دیش میں بھی کرپشن ہو گی، عوام کو حکومت سے شکایات ہوں گی، مگر وہاں عوام کی سُنی جاتی ہے اور جائز شکایات دُور بھی کی جاتی ہیں۔ مَیں نے تنزانیہ میں یونی ورسٹی آف کیلگری کی ڈین کے ساتھ مل کر کام کیا، ان کی فیکلٹی کو بھی ٹرینڈ کیا۔ تو میرا تجربہ تویہی کہتا ہے کہ جب تک مُلک کی شرحِ خواندگی میں اضافہ نہیں ہوگا، ہم یونہی مسائل میں گِھرے رہیں گے۔

س: کووِڈ-19 کے بعد دُنیا بَھر سمیت پاکستان کو صحت سے متعلقہ کن کن مسائل کا زیادہ سامنا کرنا پڑا؟

ج: پاکستان میں جب کووِڈ-19 نے پنجے گاڑنا شروع کیے، تو ہماراصحت کا نظام اس وبا کا سامنا کرنے کے لیے اَپ گریڈ نہیں تھا۔ پھر پیرا میڈیکل اسٹاف اور اسپتال میں بستروں کی کمی، کووِڈ-19سے متعلق افواہیں اور غلط معلومات اور خاص طور پر بدانتظامی جیسے مسائل سامنے آئے، مگر الحمدللہ!ہمارے مُلک میں جرمنی اور بھارت جیسی صُورتِ حال پیدا نہ ہوئی اور وبا کے پھیلائو اور اموات کی شرح بھی مجموعی طور پرکم رہی۔

البتہ او پی ڈیز بند رہنے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اگر دیگر مُمالک سے موازنہ کریں، تو یہاں حالات بہت بہتر رہے۔ مَیں سمجھتی ہوں کہ ہمارے یہاںجس طرح ویکسی نیشن پر کام ہوا ہے، وہ بھی قابلِ ذکرہے اور اس کا سہرا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سَر جاتا ہے،کیوں کہ اتنی بڑی تعداد میں ویکسی نیشن کا عمل کئی ترقّی یافتہ مُمالک میں بھی انجام نہیں پایا۔

س: پاکستان کو صحتِ عامّہ کے کن بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے کون سے بنیادی اقدامات ناگزیر ہیں؟

ج: پاکستان کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے، اُن میں سرِ فہرست متعدّی بیماریاں(Communicable Diseases) ہیں، مثلاً ڈائریا، ٹائی فائیڈ، نمونیا اور خسرہ وغیرہ۔ پھرلوگوں میں ورزش کا رجحان بھی نہیں پایا جاتا ۔فاسٹ فوڈز کا استعمال تو بڑھ ہی چُکا ہے، لیکن گھروں میں بھی جو کھانا بنتا ہے ،وہ بھی معیاری نہیں رہا کہ اس میں تیل، مرچ مسالے زیادہ ہوتے ہیں۔ سفید آٹے کی روٹی اور تندوری نان بھی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں، لہٰذا ناقص، غیر معیاری غذائیں استعمال کرنے کے نتیجے میں وہ بیماریاں جن پر قابو پایا جا سکتا ہے، وبائی صُورت میں سامنے آرہی ہیں۔ 

موجودہ دَور میں ذیابطیس، بُلند فشارِ خون اور دماغی بیماریاں(Mental Disorders) وبائی صُورت اختیار کرچُکی ہیں۔ پھر ہمارے یہاں ہر دوسرا فرد ذہنی تناؤ یا دباؤ کا شکار ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہر دسواں یا نواں فرد کسی نہ کسی دماغی مرض کا شکار ہے۔ چاہے وہ اینزائٹی ہو، ڈیپریشن یا میجر پیتھالوجی۔ اصل میں ہمارے یہاں مسائل بے شمار ہیں۔ جیسے آپ صُبح تازہ دَم اُٹھے، مگر جب دیکھا کہ نَل میں پانی نہیں آرہا، گیس نہیں ہے اور دفتر بھی وقت پر پہنچنا ہے، تو ظاہر سی بات ہے، ٹینشن ہی ہوگی۔

اس وقت ماہرینِ صحت کے لیے میٹنل ہیلتھ سب سے بڑا چیلنج بن چُکا ہے۔ پھر ہمارے مُلک میں ایسے افراد کی تعداد بھی زیادہ ہے، جو اپنی صحت پر خرچ نہیں کرسکتے کہ ان کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہے۔ سو، اب ہمیں نہایت سنجیدگی سے صحت اور اس سے مشروط دیگر مسائل حل کرنا ہوں گے۔

س: پاکستان میں ہر سال کوئی باقاعدہ ہیلتھ سروے نہیں ہوتا،کیا عمومی صُورتِ حال اُس سے بھی کہیں زیادہ بدتر تو نہیں، جو بظاہر دکھائی دیتی ہے؟

ج: جی بالکل، پاکستان میں سالانہ سروے نہیں ہوتا، مگر مختلف اداروں کی نگرانی میں ہر دس سال بعد یا اس سے کم دورانیے میں سروے کیے جاتے ہیں۔جیسا کہ ایک سروے ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ ہے۔ گرچہ یہ سیمپل بیسڈ (Sample based) ہے، مگر اس کے اعداد و شمار بہت مستند ہیں۔ دوسرا سروےاین آئی پی ایس یعنی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن اسٹڈیز (National Institute Of Population Studies) کے زیرِ اہتمام کیا جاتا ہے۔ ویسے مَیں سمجھتی ہوں کہ ہر سال سروے کی ضرورت بھی نہیں ہوتی، کیوں کہ ہم جیسے مُمالک میں ایک سال میں اعدادوشمار میں کوئی بہت بڑی تبدیلی بھی نہیں آتی۔

س: آپ کی نظر میں صحتِ عامّہ کا مربوط ماڈل کیاہوسکتا ہے؟

ج: بعض بیرونی مُمالک میں وہاں کی یونی ورسٹیز نے اپنا ایک Corporate Social Responsibilityماڈل تشکیل دیا ہوا ہے۔اگر ہم بھی اسی ماڈل کو فالو کرتے ہوئے ہیلتھ یونی ورسٹیز کو الگ الگ اضلاع کی ذمّے داری سونپ دیں، جووہاں کےHealth Indicators بہتر کریں، تو ہر ایک کو علاج کی مؤثر سہولتیں بھی باآسانی فراہم ہوجائیں گی۔ 

دیکھیں ،سیدھی سی بات ہے، جب بیماریوں کی بروقت تشخیص ہوگی ،تو علاج بھی جلد شروع ہو گا،نتیجتاً ہیلتھ انڈیکیٹرز میں بہتری آتی چلی جائے گی، بشرطیکہ مانیٹرنگ بھی شفّاف طریقے سے کی جائے۔ مَیں یہ ہیلتھ ماڈل سری لنکا میں فعال دیکھ چُکی ہوں۔ پھر اگر انجیئنرنگ یونی ورسٹیز کو بھی مختلف اضلاع کی ذمّے داری سونپ دیں، تویقیناً انفرا اسٹرکچر میں بہتری آئےگی۔

س: اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقّیاتی اہداف کے پروگرام میں کیا ہم جیسے ترقّی پذیر مُمالک کا بھی کچھ حصّہ ہے؟

ج: پائیدار ترقّیاتی اہداف یعنی "Sustainable Development Goals" کےذریعےتمام رُکن مُمالک کو پابند کیا گیا ہےکہ وہ عالمی ادارۂ صحت کے معیارات کے مطابق ہر فرد تک طبّی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائیں۔رُکن مُمالک میں پاکستان بھی شامل ہے، مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہم دستخط کرکے آجاتے ہیں، مگر عملاً کچھ نہیں کرتے۔ ہم 2015ء کے ایم ڈی جی ایس (Millennium Development Goals)حاصل کرنے میں ناکام رہے اور اب 2022ء ہے، تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہم یو ایچ سی-2030ء کے اہداف حاصل کرپائیں گے؟ حقائق تو یہی بتاتے ہیں کہ ہم یہ اہداف حاصل کرنے کے قریب بھی نہیں۔ یہ 17اہداف ہیں، جن میں سے 15,14تو براہِ راست ہماری صحتِ عامّہ سے متعلق ہیں۔

س: مُلک بَھر میں سرکاری سطح پر صحتِ عامّہ کی سہولتوں کا فقدان ہے، مگر دیہی علاقوں کی حالت تو مزید ابتر ہے، کیا مستقبل میں کسی قسم کی بہتری کا کوئی امکان ہے؟

ج: مَیں پھر وہی بات دہراؤں گی کہ اگر ہیلتھ یونی ورسٹیز کوالگ الگ اضلاع کی ذمّے داری سونپ دی جائے، توصحتِ عامّہ کی صُورتِ حال بہتر ہوجائے گی۔واضح رہے، ایران میں تقریباً اس طرح کا ہیلتھ ماڈل ہے۔

س: آپ ’’اے پی پی این اے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھAPPNA INSTITUTE OF PUBLIC HEALTH) )،جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی کی بانی ہیں، تو اس انسٹی ٹیوٹ کے اغراض و مقاصد سے متعلق بھی تفصیلاً بتائیں کہ اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی ضرورت کیوں پیش آئی ؟

ج: اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا بنیادی مقصد تحقیق، صحتِ عامّہ کی سہولتوں کا دائرہ بڑھانا اور پبلک ہیلتھ کو پروموٹ کرنا ہے، جب کہ سول سوسائٹی، نجی اداروں اور این جی اوز سے رابطے استوار اور مضبوط کرنا بھی ہمارے منشور میں شامل ہے، تاکہ سب کے ساتھ مل کر صحتِ عامّہ کی صُورتِ حال بہتر بنائی جاسکے۔ 26 دسمبر2013ء کو اس انسٹی ٹیوٹ کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔

یہاں سے جتنے بھی طلبہ فارغ ہوئے ہیں، اُن میں سے بیش ترمختلف این جی اوز کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ اس وقت ہمارا انسٹی ٹیوٹ بلوچستان کے لیے کام کررہا ہے۔ ہم نے حکومت کے کہنے پر بلوچستان سے30طلبہ کا داخلہ بھی کیا ہے، جنہیں یو ایس ایڈ نے سپورٹ کیا۔ اس کے علاوہ ہم حکومت کے ساتھ مل کر بھی مختلف پراجیکٹس پر بھی کام کررہے ہیں۔ نیز، اس یونی ورسٹی کی جو میجر ریسرچ گرانٹس ہیں، وہ بھی ہمارے انسٹی ٹیوٹ ہی نے حاصل کی ہیں۔

س: پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے تدریسی سرگرمیوں کے علاوہ عوام کی صحت کے حوالے سے بھی کئی پراجیکٹس مکمل کیے ہیں، تو ان سے متعلق بھی بتائیں؟

ج: ہم نے چاروں صوبوں کے Health Providers کو ٹرینڈ کیا ہے۔ فیملی پلاننگ اور پبلک ہیلتھ میں یہ ٹریننگ تاحال جاری ہے۔ ہم ہیلتھ ورکرز پر تشدّد کے خلاف بھی کام کررہے ہیں۔ پھر ہم نے مختلف کمپینز پر بھی کام کیا، جیسے’’ایمبولینس کو راستہ دیں‘‘،’’راستہ دیں کہ زندگی، موت کا سوال ہے‘‘اور ’’ہیلتھ کئیر پروائیڈرز کو عزّت دیں‘‘ وغیرہ وغیرہ۔ مختلف ایشوز پر ٹریننگ پروگرامز کروائے۔ مثلاً اسپتال کی پالیسیز کیسی ہونی چاہئیں، اسپتالوں کو کیسے محفوظ بنایا جاسکتا ہے، طبّی عملہ خود کو تشدّد سے کیسے بچا سکتا ہے وغیرہ۔ 

ہمارے انسٹی ٹیوٹ کی ایک تحقیق کے مطابق سب سے زیادہ تشدّد ایمبولینس ڈرائیورز پر کیا جاتا ہے،کیوں کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ ڈرائیور کی وجہ سے ہم تاخیر سے اسپتال پہنچے، جب کہ فی میل ڈاکٹرز کی نسبت میل ڈاکٹرز زیادہ تشدّد کا نشانہ بنتے ہیں۔ ہمارے ان عُمدہ ریسرچز ہی کے سبب ہمارے انسٹی ٹیوٹ کے مینولز کابین الاقوامی سطح پر ترجمہ کیا جارہا ہے۔ اور ہماری مستقبل کی منصوبہ بندی میں بھی کئی ایسے پراجیکٹس شامل ہیں، جن سے ان شاء اللہ تعالیٰ مثبت اور دور رس نتائج حاصل ہوں گے۔

سنڈے میگزین سے مزید