• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دُنیا بَھر کے ماہرینِ اغذیہ صحت مند، تن درست و توانا زندگی گزارنے کے لیے فولاد، نمکیات اور وٹامنز سے بَھرپور غذائیں تجویز کرتے ہیں کہ یہ جلد ہضم ہو کرفوری توانائی فراہم کرتی ہیں۔ فولاد ایک اہم جُزوِ بدن ہے، جو ہمارے دماغ اور قوّتِ ارادی کو مضبوط بناتا ہے۔ اس کے برعکس اس کی کمی اینیمیا کا سبب بن جاتی ہے، جسے طبّی اصطلاح میں آئرن ڈیفیشینسی اینیمیا کہا جاتا ہے۔ 

یاد رکھیے، اگر خون میں فولاد کی کمی واقع ہوجائے تو گردشِ خون کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ دِل، پھیپھڑوں کی کارکردگی کم زور پڑ جاتی ہے، نتیجتاً سانس لینے کا دورانیہ مختصر (چھوٹے چھوٹے سانس لینا) ہوجاتا ہے، روز مرّہ امور انجام دینا مشکل امر بن جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جِلد اور بالوں کے مسائل بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔

فولاد کی کمی کی علامات میں شدید تھکاوٹ، جِلد کی رنگت پیلی پڑ جانا، سَر درد، ناخن ٹوٹنے، سانس پُھولنا، چکر آنا، ہاتھوں اور پیروں میں سنسناہٹ اور زبان کی سوزش یا درد وغیرہ شامل ہیں۔ اگر ان میں سے کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو مستند معالج سے رجوع کیا جائے۔ تحقیق سے یہ ثابت ہوچُکا ہے کہ جو افراد سُرخ گوشت کا کم یا سرے سے استعمال نہیں کرتے، ان میں فولاد کی کمی زیادہ پائی جاتی ہے،جب کہ ہرے پتّوں والی سبزیاں بھی استعمال نہ کی جائیں، تو بھی جسم میں آئرن کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔

فولاد حاصل کرنے کے دو ذرائع ہیں، جنہیں ہیم (Heme)اور نان ہیم(Non-Heme) سے موسوم کیا گیا ہے۔ ہیم سے مُراد وہ فولاد، جو جانوروں کے ذریعے حاصل کیا جائے۔ اس میں گوشت، مرغی اور سمندری غذائیں شامل ہیں، جب کہ نان ہیم آئرن پودوں میں پایا جاتا ہے۔ مثلاً ہر قسم کے اناج، گِری دار میووں، بیج، پھلیوں اور پتّوں والی سبزیوں وغیرہ میں۔ان دونوں ذرایع سے حاصل کیے جانے والے فولاد کے اثرات جسم پر مختلف انداز سے مرتّب ہوتے ہیں۔

جیسا کہ نان ہیم غذاؤں سے فولاد کا انجذاب جلد نہیں ہوتا، لیکن جب نان ہیم غذا کے ساتھ وٹامن سی کا استعمال کیا جائے، تو فولاد کے انجذاب کا عمل جلد شروع ہو جاتا ہے۔ اس کا بہترین حل یہی ہے کہ جب نان ہیم غذائیں استعمال کی جائیں، تو ساتھ ایسے پھل بھی کھائے جائیں، جن میں وٹامن سی زائد مقدار میں پایا جاتا ہے، لہٰذا اپنے غذائی شیڈول میں گوشت، مُرغی، مچھلی، سبزیوں میں پالک، چقندر، بروکلی، لال اور ہری شملہ مرچ، پھول گوبھی، جب کہ پھلوں میں مالٹا، سیب اور انار وغیرہ شامل کرلیں،تاکہ جسم فولاد کی کمی کا شکار نہ ہو۔ (مضمون نگار، ڈاؤ یونی ورسٹی اور بقائی میڈیکل یونی ورسٹی، کراچی سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر وابستہ رہ چُکے ہیں)