’’اوئے…!! اندھا ہے کیا، آنکھوں کی جگہ بٹن لگے ہیں، جو اتنی بڑی گاڑی نظر نہیں آئی؟ تم جاہل رکشے والوں کو روڈ سینس ہی نہیں ہے، سڑک کے بیچوں بیچ رکشا روک لیتے ہو اور گاڑی پر مارتے ہوئے نکل جاتے ہو۔ ‘‘ ’’ہم کو نظر نہیں آیا، لیکن صاحب تم نے بھی تو نہیں دیکھا۔ اب سوٹ بوٹ پہن کربڑا گاڑی چلا رہا ہے، تو جو چاہے بولے گا؟
ہم تو چلو جاہل ہے، تم توپڑھا لکھا آدمی ہو۔ رکشا تو ہمارا بھی ٹوٹا ہے، اب یہ جو نقصان ہوا ہے، اس کی بھرپائی کون کرے گا؟ ‘‘’’چُپ کر، مجھ سے زبان مت لڑا ، مجھے روزے میں تجھ جیسے آدمی سے منہ ماری کا کوئی شوق نہیں۔اگر میرا روزہ نہ ہوتا، تو بتاتا اچھی طرح…‘‘رمضان کے دن تھے،گرمی اپنے جوبن پہ تھی اور ہم حسبِ معمول ٹریفک جام میں پھنسے تھے کہ ایک کار سوار اور رکشے والے پر نظر پڑی، جو آپس میں گتھم گتھاتھے،دونوں ہی افراد چُپ ہونے یا پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہ تھے،لہٰذا بد کلامی، گالم گلوچ کا ایسا طوفان برپا تھاکہ الامان الحفیظ۔
مزے کی بات تو یہ تھی کہ دونوں ہی آپس میں گتھم گتھا، لڑنے مرنے کو تیار تھے،پھٹے گریبان، ہلکی سی خراشیں بھی معاملے کا فسانہ سُنا رہی تھیں، مگر دونوں ہی ساتھ یہ بھی کہتے جا رہے تھےکہ ’’میرا روزہ ہے، ورنہ…‘‘ گویا اب بھی ورنہ کی گنجائش باقی تھی۔ یہی نہیں، گزشتہ برس رمضان میں ہمارے ایک پڑوسی، محلّے کے انتہائی معزّز، مدبّر اور معاملہ فہم سمجھے جانے والے نعیم صاحب نے یہ کہتے ہوئے جمع دار کی خُوب پٹائی کی کہ ’’ماہِ رمضان میں سرِ عام پانی پیتے شرم نہیں آتی؟‘‘
ان کے اس سوال پر جب جمع دار نے ڈرے سہمے لہجے اور مہین سی آواز میں یہ کہنا چاہا کہ ’’صاحب! مَیں مسلمان نہیں ہوں، میرا روزہ نہیں اور گرمی کی شدّت کی وجہ سےسر چکرانے لگا تھا، اس لیے پانی پیناپڑا۔‘‘ تو نعیم صاحب مزید طیش میں آگئے کہ ’’تم جیسے کافروں ہی کی وجہ سے مُلک میں آفات نازل ہوتی ہیں ۔‘‘ حالاں کہ پورا محلّہ جانتا ہے کہ نعیم صاحب کے بیٹے کا کریانہ اسٹور ہے، جہاں ناپ تول میں کمی تو معمول کی بات ہے، لیکن کلو دال سے چھٹانک بھر کنکر بھی نکلتے ہی رہتے ہیں۔ نیز، کورونا ئی ایّام، لاک ڈاؤن میں 50 روپے کی چیز سو، ڈیڑھ سو روپے تک فروخت کی گئی۔ حالاں کہ کئی بار محلّے والوں نے اس حوالےسے نعیم صاحب سے شکایت بھی کی ، لیکن مجال ہے، جو انہوں نے کبھی بیٹے کی سر زنش کی ہو یا اس حوالے سے کوئی ایکشن لیا ہو۔
یوں تو پورے مُلک کا ہی نظام، نظامِ حکومت سے لے کر مختلف اداروں تک بد نظمی و بد معاملگی کی مثال ہے، مگر عمومی معاشرتی رویّے بھی دن بدن انتہائی بد صُورت ہوتے جا رہے ہیں۔ خالصتاً ذاتی اعمال بھی ذاتی نہیں رہے۔ عبادات تک کی تشہیر یوں کی جاتی ہیں، جیسے ان کا اجر و ثواب دوسروں نے وصولنا ہے۔ رمضان المبارک میں روزے رکھ کر دوسروں کو تو ایسے جتایا جاتا ہے، جیسے نعوذ باللہ اُن پر کوئی احسان کیاہو۔حالاں کہ روزہ توایک ڈھال ہے، نفسانی خواہشات اور گناہوں، برائیوں کے خلاف۔
روزہ رکھنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ دین کے ٹھیکے دار بن کر دوسروں پر لعن طعن شروع کردیں۔ ہم بچپن ہی سے یہ سُنتےآئے ہیں کہ روزے کا اصل مقصد صرف بھوکا پیاسا رہنا نہیں، صبر وتحمّل، برداشت، نفسانی خواہشات پر قابو پانا ہے، لیکن آہستہ آہستہ ہم انہی اوصاف سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ہمارا دِین تو عام دِنوں میں بھی صبر و استقامت سے کام لینے، در گزر کرنے کا درس دیتا ہے، تو کیا وجہ ہے کہ ہم رمضان المبارک میں ، جس ماہ کی بنیاد ہی صبر وبرداشت پر ہے، درگزر سے کام لیتے ہیں، نہ ہی صبر و برداشت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
بخدا، مِن حیث القوم یہ ہمارے لیے لمحۂ فکریہ ہے کہ وہ نبیﷺ ،جن کی ناموس پر ہم جان قربان کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتےہیں اور رہنا بھی چاہیے، انہی محبوبِ خداﷺ کی تعلیمات پر رتّی بھرعمل نہیں کرتے۔ خوش اخلاقی، صلۂ رحمی، نرم خوئی جیسے اوصاف معاشرے میں عنقا ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ ماہِ مبارک ، در حقیقت ماہِ تربیت ہے، جس میں ہمیں خود کو بہتر انسان، بالخصوص بہتر مسلمان بنانے پر توجّہ مرکوز رکھنی چاہیےنہ کہ ’’مجھے غصّہ مت دلاؤ میرا روزہ ہے، میرا صبر مت آزماؤ ،میرا روزہ ہے، مجھ سے بات نہیں کرو، میرا روزہ ہے، تم نے روزہ کیوں نہیں رکھا…‘‘وغیرہ وغیرہ جیسے جملوں سے دوسروں کا جینا محال اور اپنا اجر و ثواب ضایع کرتے رہیں۔
’’روزے کی حقیقی روح پر عمل سے معاشرے میں کیا تبدیلی آسکتی ہے؟‘‘ہم نے پوچھا تو بنوری ٹاؤن مسجد کے مفتی، مفتی شعیب عالم کچھ یوں گویا ہوئے کہ ’’سب سے پہلے تو ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ عبادات جیسے، نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ وغیرہ کا حاصل یا نچوڑ ’’تقویٰ و پرہیز گاری‘‘ ہے۔ جس کا مطلب ہے لحاظ، یعنی انسان کچھ غلط کرنے میں اللہ سے شرمائے، جھجھک محسوس کرے۔
نیز، حُسنِ اخلاق، نرم مزاجی، ہم دردی وغیرہ جیسے رویّے بھی سمٹ کر تقویٰ میں آجاتے ہیں، تو ایک بات تو طے ہے کہ جو مسلمان اللہ کی خوشنودی، رضا حاصل کرنے کا متمنّی ہوتا ہے، وہ نہ تو بداخلاق ہوتا ہے، نہ بد مزاج۔ اور روزے کی حالت میں تو ویسے بھی غصّے، کرخت لہجےپر قابو رکھنا چاہیے کہ روزے کا مطلب صرف بھوکا پیاسا رہنا نہیں، نفس پر قابو بھی پانا ہے۔ لیکن ہمارے ہاں ماہِ رمضان میں، بالخصوص عصر کے بعد سڑکوں پر جو رویّے، ٹریفک جام میں گالم گلوچ کا ماحول نظر آتا ہے، وہ نہایت قابلِ افسوس اور قابلِ فکر ہےکہ ہم کیسے روزے دار اور اس سے بھی بڑھ کر کیسے مسلمان ہیں…؟
یاد رکھیں، ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ ایک انسان حالتِ روزہ میں ہو اور بد کلامی، لغو بات، فضول گوئی سے پرہیز نہ کرے ، رمضان میں ایسے رویّوں کا نظر آنا ، ظاہر کرتا ہے کہ روزہ تو رکھا گیا ہے، لیکن پوری کیفیت، شرائط کے ساتھ نہیں ، کیوں کہ روزہ رکھنے کی بھی کچھ شرائط ہیں۔ روزے کا مقصد صرف بھوکا، پیاسا رہنا نہیں، بلکہ یہ پورے طرزِ عمل کی پریکٹس ہے، تو جب تک روزے کو اس کے تمام ارکان، شرائط، احکامات کے ساتھ نہیں رکھیں گے، تب تک معاشرے پر اس کے مثبت اثرات مرتّب ہونے کی توقع رکھنا، خام خیالی کے سوا کچھ نہیں۔ حدیث کی رُو سے ایسے روزے کی مثال پھٹے ہوئے روزے کی ہے، یعنی روزہ تو رکھا، لیکن احکاماتِ شریعہ کی پابندی نہیں کی۔
ایک بات اور کہنا چاہوں گا کہ آج ہمارے معاشرے کا جو حال ہے، رمضان میں روزے دار تو نظر آتے ہیں، لیکن معاشرے پر اچھائی کا اثر نظر نہیں آتا، اُس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہماری کمائیوں میں جھوٹ، دھوکے بازی شامل ہے۔ سو، جس طرح ہمیں نماز برائیوں، بے حیائی سے نہیں روک پارہی، اسی طرح رمضان المبارک کے اصل اثرات بھی معاشرے پر مرتّب ہوتے نظر نہیں آتے۔ نیز، ہمیں ایسے افراد کی اکثریت بھی جابجا نظر آتی ہے، جو روزہ رکھ کر ایسا برتاؤ کرتے ہیں، جیسے کسی پر احسان کر رہے ہوں، تو اس کی وجہ تربیت کی کمی اور مذہب کی سمجھ بوجھ نہ ہونا ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابلِ توجّہ ہے کہ جو شخص روزہ رکھ کر بھی صبر و برداشت سے کام نہیں لیتا، فضول گوئی، بد کلامی کرتا ہے، تو ایسے شخص کا فرض، یعنی روزہ تو ادا ہوجائے گا، لیکن وہ اجر و ثواب سے محروم رہے گا۔‘‘ ’’رمضان ٹرانسمیشنز سے متعلق کچھ کہنا چاہیں گے؟‘‘ ہم نے پوچھا۔’’ میرے خیال میں یہ ہر پہلو سے معاشرے میں اصلاح کے بجائے بگاڑ کا باعث ہیں کہ بظاہر تو ایسا لگتا ہے کہ ان کے ذریعے دین کی تعلیم عام کی جا رہی ہے، لوگوں کا بھلا ہورہا ہے، لیکن حقیقت اس کے بر عکس ہے اور یہ مَیں ہی نہیں کہہ رہا، آپ کسی بھی عالمِ دین سے پوچھ لیں، کوئی ان نشریات کی حمایت نہیں کرے گا۔‘‘
’’ہم ہر سال پورے ایک ماہ روزے رکھنے کے با وجود صبر و تحمّل کے عادی کیوں نہیں ہوتے؟‘‘ ہم نے یہ سوال آغا خان یونی وَرسٹی اسپتال ، کراچی کےشعبۂ نفسیات کی کنسلٹنٹ ، ماہرِ نفسیات، ڈاکٹر عائشہ نوراللہ سے کیا، تو وہ کچھ یوں گویا ہوئیں ’’صبر وتحمّل کا تعلق ہماری شخصیت اور حالاتِ زندگی سے ہوتا ہےکہ ماضی میں ہم نے کس طرح کے حالات کا سامنا کیا اور موجودہ دَور میں کیا حال دَرپیش ہیں۔ کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان مختلف طرح کی مشکلات یا پریشانیوں، میں گِھرا ہوتا ہے، تو ایسے میں نتائج مرضی کے مطابق نہ ملنے پر غصّہ آنا فطری عمل ہے۔ پھر چاہے کوئی حالتِ روزہ میں ہو یانہیں ، کوئی فرق نہیں پڑتا۔
البتہ اہم نکتہ یہ ہے کہ جس طرح، جس اہتمام سے رمضان المبارک کی تیاریاں کی جاتی ہیں، اُس کا انتظاررہتا ہے، پھر روزے رکھے جاتے ہیں، تو اسی طرح روزے کی حالت میں صبر و تحمّل سے کام لینے کی بھی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ کسی ایک کا روزہ، دوسرے پر بوجھ نہیں بننا چاہیے۔ نیز، بطور ماہرِ نفسیات مَیں یہ مشورہ ضرور دینا چاہوں گی کہ اپنا محاسبہ کرتے رہا کریں، یعنی جب بھی غصّہ آئے، تو وقت نکال کر کسی پُرسکون جگہ بیٹھیں اور ٹھنڈے دل و دماغ سے جائزہ لیں کہ ایسی کون سی وجہ، بات یا عمل تھا، جس پر غصّہ آیا۔ اُس وقت کیا سوچ تھی، اُس وجہ سے کیا احساسات ، جذبات پیدا ہوئے اور یہ بھی سوچیں کہ جس شخص پر غصّہ آیا یا جس سے لڑائی ہوئی، وہ کن حالات سے دوچار تھا۔
مانا کہ مختلف صورتِ حال پر ردّ ِ عمل کا ہر کسی کا اپنا طریقہ ، الگ زاویہ ہوتا ہے، لیکن کم از کم حالتِ روزہ میں تو پُر سکون رہا جا سکتا ہے۔ نرم گوئی، نرم مزاجی کی مشق کی جا سکتی ہے۔ ویسے غصّے پر قابو پانے کی متعدّد پریکٹسز میں سے چند یہ بھی ہیں کہ جب بھی کسی کو غصّہ آئے، تو اُسے چاہیے کہ وہ فوراً کسی اور کام پر توجّہ مرکوز کرے یا اپنی جگہ بدل لے۔ کچھ دیر کے لیے کہیں باہر چلا جائے، گہری گہری سانسیں لے۔ ہمیں ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ غصّے کا نتیجہ کبھی بھی مثبت نہیں ہوتا اور صبر و تحمّل کا بنیادی تعلق سوچ سے ہے، تو جب تک سوچ نہیں بدلےگی، تب تک کچھ نہیں ہو سکتا۔‘‘’’روزے میں زیادہ ترافرادچِڑ چِڑے کیوں ہوجاتے ہیں؟‘‘ ہم نے پوچھا۔ ’’دیکھیں، روزے کے دوران متعدّد جسمانی تبدیلیاں بھی رُونما ہوتی ہیں، جو مُوڈ میں تبدیلی کا باعث بنتی ہیں۔
جیسے ہم میں سے بیش تر افراد عام دِنوں میں تواتر سے چائے، کافی یا سافٹ ڈرنکس وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں اور ایک طرح سے ان کے عادی ہو چُکے ہوتے ہیں، تو دورانِ روزہ جب خون میں ان چیزوں کی سطح کم ہوتی ہے، طلب پوری نہیں ہو رہی ہوتی، تو مزاج خراب، عجیب سی چڑچڑاہٹ ہونے لگتی ہے۔ نیز، کئی افراد کے مزاج میں تلخی کی وجہ نیند کی کمی اور اُٹھنے، جاگنے کے اوقات میں تبدیلی بھی ہوتی ہے، تو یہ ایک بائیو لوجیکل مکینزم بھی ہے، جس پر باقاعدہ تحقیق موجود ہے۔‘‘ ’’اگر روزے کی اصل روح پر عمل ہو، تو انسانی نفسیات پر اس کا کیا اثر ہوگا، معاشرے میں کیا تبدیلی آسکتی ہے؟‘‘ اس سوال پر ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ ’’ یہ انتہائی اہم پہلو ہے، جس پر بات نہیں کی جاتی یا کم کی جاتی ہے۔
میرے خیال میں اس حوالے سے کوئی سوچتا بھی نہیں ہے۔ ویسے اگر احکامِ دین سے ہٹ کر بھی دیکھیں، توروزے کےکئی جسمانی فوائد ہیں۔ جب ہم روزہ رکھتے ہیں، تو مخصوص وقت کے لیے کچھ نہیں کھاتے پیتے، تو عام طور سے جو توانائی ہم کھانا ہضم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، وہ توانائی دماغ پر استعمال ہونے لگتی ہے، یاد داشت بہتر ہوتی ہے، سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں میں بہت بہتری آتی ہے۔
مانا کہ چند دنوں تک اس تبدیلی کو محسوس نہیں کیا جا سکتا، لیکن آہستہ آہستہ اس کا اندازہ ہوتا ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ توجّہ ہے کہ جب ہم روزہ رکھتے ہیں، تو انسانی جسم میں گلوکوز کا ذخیرہ کم ہوجاتا ہے، جس سے جسم کی اضافی چربی کیٹون میں تبدیل ہونا شروع ہوجاتی ہے اورکیٹون ہمارے دماغ کے لیے تازہ ایندھن کی طرح ہے۔ ایک اور اہم بات یہ کہ روزے کا بنیادی تعلق قوّتِ ارادی سے ہے، جس سے زندگی میں نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے، اپنے مقصد کے حصول کے لیے بھرپورجدّو جہد کرنے کا حوصلہ پروان چڑھتا ہے کہ روزے کی حالت میں ہم اپنی بھوک، پیاس، نفس پر قابو پاکر لانگ ٹرم گول (ربّ کی رضا، آخرت میں جزا)ہی پر فوکس کرتے ہیں۔
نیز، ایک اور اہم پہلو یہ بھی ہے کہ ہم سب ہی رمضان میں اپنی سرگرمیاں محدود کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جیسے اسکول ، دفاتر کے اوقاتِ کار کم کر دئیے جاتے ہیں، زیادہ سے زیادہ وقت فیملی کے ساتھ گزر تا ہے ، جس سے ہماری غیر متوازن فیملی لائف توازن میں آجاتی ہے۔یہ فطری بات ہے کہ جب ہم اپنے پیاروں، فیملی کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، تو دماغ خود بخود پُرسکون اور موڈ خو ش گوار ہوجاتا ہے، تو رمضان ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ذرا سی کوشش کی جائے، تومعمولاتِ زندگی متاثر ہوئے بغیر بھی چیزیں مینیج کی جا سکتی ہیں۔ رمضان ہمیں نظم و ضبط، ہم دردی اور درگزر کا پیغام دیتا ہے، ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ جب ہم اللہ کی رضا کے لیے ایک ماہ اچھی باتوں کو پریکٹس کر سکتے ہیں، گھروالوں ، دوستوں، رشتے داروں کے لیے وقت نکال سکتے ہیں، تو باقی گیارہ مہینے ایسا کرنے میں کیا قباحت ہے کہ یہ پریکٹس ہمارے دل ودماغ پر مثبت اثرات مرتّب کرتی ہے۔
ایک عام تاثر ہے کہ صدقات و خیرات کرنے یا دوسروں کی مدد کرنے سے ذہنی سکون ملتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم رمضان میں ہلکا پُھلکا محسوس کرتے ہیں، تو کیوں ناں اس رمضان ایک عہد کریں کہ اس ماہِ مبارک کی جانے والی سرگرمیاں سال کے گیارہ مہینے بھی پریکٹس کریں گے۔ یقین جانیے، اس طرح نہ صرف آپ کی ذہنی صحت بہتر رہے گی، بلکہ بہتر معاشرے کی تکمیل میں بھی آپ کا حصّہ شامل ہوجائے گا۔‘‘