• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی اپنی نگرانی میں توڑ پھوڑ کروارہے ہیں، حمزہ شہباز

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ٹریژری بینچز سے خواتین پر حملہ کیا گیا ، سب دیکھتے رہے، آج پرویز الہیٰ اپنی نگرانی میں توڑ پھوڑ کرواکر چاہ رہے کہ 40 اراکین کو معطل کروا دیں۔

 لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ اسمبلی میں تو کیمرے لگے ہوئے ہیں، ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکتی ہے، پرویز الہٰی آپ کے ہتھکنڈے قوم نے دیکھ لیے، آپ ہار رہے تھے اس لیے آپ نے اجلاس ملتوی کروادیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اسپیکر  اراکین کے ووٹ ڈالنے کے حق کی راہ میں رکاوٹ کیسے بن سکتا ہے، آپ کو وارننگ دیتا ہوں اگر کل بھی آپ نے تماشا لگانے کی کوشش کی تو نتائج کے ذمہ دار آپ ہوں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آئین اور قانون کےساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری بنے کئی سال ہوگئے ہیں، قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر نے آئین اور قانون کے خلاف رولنگ دی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں عددی اکثریت کے حوالے سے ہمارا نمبر 200 کے قریب تھا، ایوان میں امیدواروں کے نام اور تائید کنندگان کے نام لیے گئے، آج بھی خبریں آئی ہیں کہ پرویز الہٰی تاریخ کو دہرانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل ہماری خواتین اور بزرگ ارکان نے زمین پر بیٹھ کر اندھیرے میں افطار کیا، پرویز الہٰی صاحب آپ کے وتیرے قوم نے دیکھ لیے ہیں، کل آپ ہار رہے تھے تو آپ نے 6 منٹ میں اجلاس ملتوی کروا دیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عدالت عظمٰی نے کہا ہے ووٹ ڈالنا ہر معزز رکن کا حق ہے، اسپیکر کو ڈائریکشن ملنی چاہیے کہ وہ ووٹ ڈالنے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پرویز الہٰی صاحب میں آپ کو خبردار کر رہا ہوں، رشوت کا بازار گرم ہے، وزیر اعلیٰ خود رشوت وصول کرتا ہے، آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو عمران نیازی کی ذاتی خواہش پر تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غریب کا جھونپڑا گرادیا جاتا ہے اور بنی گالا کو ریگولرائز کردیا گیا، جب رشوت لے کر افسران کی تعیناتیاں ہوں گی پوچھ گچھ کیسے ہوگی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر کورونا کو ڈھونڈتے تھے، وزیر اعلیٰ پوچھتے تھے، کورونا کیسے کاٹتا ہے، بدھ کو میدان لگے گا اور وزیر اعلیٰ منتخب ہوگا، ہمارا مقصد سیاسی انتقام نہیں ہوگا، عوام کی خدمت کریں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مجھے امید ہے عدالت عظمٰی آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیے اچھے فیصلے کرے گی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پرویز الہٰی صاحب آپ ایوان میں عددی اکثریت دکھا دیں ہم قبول کریں گے، قوم جیتے گی اور عمران نیازی ہارے گا۔

قومی خبریں سے مزید