• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان خط کے معاملے پر بھی یوٹرن لے لیں گے، شیری رحمٰن

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ خط کے معاملے پر بھی عمران خان جلد یو ٹرن لے لیں گے،یہ ’35 پنچر‘ کی طرح بعد میں کہے گے ان کا سیاسی بیان تھا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار پیغامات میں شیری رحمٰن نے کہا کہ جس خط پر عمران خان ایک خطرناک بیانیہ بنا رہے ہیں اس کی صداقت پر اب کئی سوالات اٹھ چکے ہیں، عمران خان اور اسپیکر کو اب سازش اور غداری کا الزام ثابت کرنا ہوگا۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ آپ 197 ارکان اسمبلی پر خارجہ سازش میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر سیاست تو کر سکتے ہیں لیکن سچ ثابت نہیں کر سکتے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد سے بچنے کے لئے آئین کو پامال کیا گیا، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے دنیا کے سامنے آئین کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کی پاسداری کا حلف اٹھانے والوں نے آئین شکنی کی، فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے غیر یقینی کی صورتحال میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، آئین انصاف کا منتظر ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان آئین توڑ کر لوگوں کو احتجاج پر اکسا رہے ہیں، آئین توڑ کر یہ جمہوریت کے محافظ بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمیشہ کی طرح جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔ 

لیٹر گیٹ کی تحقیقات،وزیرِ اعظم کا سپریم کورٹ سے کمیشن بنانے کا مطالبہ

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے لیٹر گیٹ کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے لیٹر گیٹ کی تحقیقات کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے ہائی پاور کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید