• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی کا ڈپٹی اسپیکر پر ن لیگی ارکان کی معطلی کیلئے دباؤ ہے: طاہر سندھو

مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی طاہر خلیل سندھو کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کا ڈپٹی اسپیکر پر ن لیگ کے 16 ارکانِ اسمبلی کو معطل کرنے کے لیے دباؤ ہے۔

لاہور میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے 199 ارکان اس وقت ہوٹل میں مقیم ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں آج شام اسمبلی اجلاس بلانے کا پتہ چل گیا ہے، ہم لوگ سہ پہر 3 بجے اکٹھے پنجاب اسمبلی جائیں گے۔

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ اسمبلی کے اجلاس میں ضرور شرکت کریں گے، ہمارے امیدوار حمزہ شہباز بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ قائدِ ایوان کے انتخاب پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر میں ٹھن گئی ہے، پرویزِ الہٰی کا ڈپٹی اسپیکر پر ن لیگ کے 16 ارکانِ اسمبلی کو معطل کرنے کے لیے دباؤ ہے۔

ن لیگی رکنِ پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے مسلم لیگ ن کے ان ارکان کو معطل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مزاحمت کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے، ہمارے ارکان معطل کیے گئے تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید