• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی دعا زہرہ کی بازیابی کیلئے مدینہ منورہ میں خصوصی دعا کا اہتمام

کراچی کے علاقے شاہ فیصل ٹاؤن سے اغواہ ہونے والی 14 سالہ دعا زہرہ کی باحفاظت بازیابی کے لیے مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔

بعد نماز فجر ہونے والی اس مشترکہ دعا میں بڑی تعداد میں نمازی شریک تھے، جنہوں نے دعا زہرہ کی خیر و عافیت کے ساتھ اپنے والدین کے پاس واپسی کے لیے خصوصی دعا کی۔

واضح رہے کہ 14 سالہ دعا زہرہ گزشتہ 9 دن سے لاپتہ ہے جبکہ والدین کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی  گھر کا کچرہ پھینکنے کے لیے باہر نکلی اور اس کے بعد سے لاپتہ ہے۔

ادھر پولیس پوری کوشش کے باوجود دعا زہرہ کا کھوج لگانے میں ناکام ہے۔

اس حوالے سے معروف سماجی تنظیم جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کا کہنا ہے کہ بچی کے والدین کی حالت انتہائی تکلیف دہ ہے، ایک ایک لمحہ گزارنا ان کے لیے محال ہے۔

اس وقت پولیس کے علاوہ پاکستان کے تمام حساس اداروں کو اس بچی کی بازیابی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، مدینہ منورہ میں اس حوالے سے پنجاب حکومت کے سابق مشیر برائے پبلک ہیلتھ طاہر محمود ہندلی، ملک یونس، ملک محمد سرور، جاوید سلہریا، رانا شوکت، طارق عزیز اور ملک جواد سمیت بڑی تعداد میں زائرین عمرہ نے دعا زہرہ کی باحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کی۔

قومی خبریں سے مزید