مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جتنے مواقع عمران خان کو ملے کسی ڈکٹیٹر کو بھی نہیں ملے، عمران نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا،چین، امریکا اور یورپی یونین سے تعلقات متاثر کئے، خلیجی ممالک سے بھی تعلقات سرد مہری میں دھکیل دیئے۔
احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپنی چار سال کی تباہی کا ہم سے چار دنوں میں حساب مانگتے ہیں، عمران خان کی نالائقی کو پاکستان اسپیڈ سے بدلیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو منصوبہ چار سال سے تباہ ہورہا تھا، حکومت بدلی تو چار سال سے نہ چلنے والا منصوبہ پانچ دنوں میں آپریشنل ہوگیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران نیازی چاہتا ہے اس کی کرپشن پر سوال نہ پوچھا جائے، وہ ہٹلر کی سیاست پاکستان میں نافذ کرنا چاہتا ہے، فارن فنڈنگ کیس میں کیوں منہ چھپا رہے ہو، فنڈنگ کیس میں ہاتھ اور دامن صاف ہے تو رسیدیں دکھائیں۔
احسن اقبال کاکہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران نیازی بھاگتا اور منہ چھپاتا پھر رہا ہے، کوئی اتنا چھوٹا وزیراعظم نہیں آیا جس نے بازاروں میں تحفے بیچے ہوں، عمران نیازی پاکستان کی آزادی کے ہیرو نہیں ولن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے ادارے بلیک میلنگ میں نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی گگلی سے آپ کی تینوں وکٹیں گر گئیں، آپ کو سڑکیں ناپنا اور چندے اکٹھے کرنے آتے ہیں۔