وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک شدید ترین معاشی خطرات میں گھرا ہے، مشکلات کا اندازہ ہے، مشکلات پر قابو پانا حکومت اور اس کے حصہ داروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد جاتی امرا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مل کر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے پونے چار سال میں ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا، شاہد خاقان عباس، رانا ثنا اللّٰہ، سعد رفیق، مفتاح اسماعیل، مریم نواز، حمزہ شہباز انتقام کا نشانہ بنتے رہے، میں ان تمام قائدین اور کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، اللّٰہ تعالیٰ آپ کی ان کاوشوں کا ضرور قبول فرمائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہماری دعائیں قبول فرمائے، اللّٰہ کے حضور دعا ہے کہ عید ترقی و خوشحالی کا پیغام لے کر آئے، مشکلات پر قابو پانے کیلئے ہمیں اللّٰہ کی رضا کے ساتھ سخت محنت کرنا ہو گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا، جلد ہی محنتی قوم سے خطاب کروں گا۔