کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف تحقیقات کے نتائج آنے پر لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، جولائی تک ملکی سیاست میں امریکی مداخلت کا کوئی ثبوت ہی نہیں تھا نہ ہی عمران خان اس کا ذکر کرتے تھے،عمران خان کیوں فرح گوگی کے وکیل صفائی بنے ہوئے ہیں، عمران خان پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے بڑے منی لانڈرر ہیں، ن لیگ کے پاس نہ کسی کی متنازع ویڈیوز ہیں نہ ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں، ہمارے پاس عمران خان کی کرپشن، نااہلی اور کارکردگی پر مواد کی کمی نہیں ہے ،ہمیں عمران خان کیخلاف گھٹیا ہتھکنڈوں کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں ہے، نیب قانون میں آئین و قانون سے متصادم شقوں میں ترامیم کی جائیں گی، پی ٹی آئی کیخلاف توہین مذہب قانون کے تحت کوئی کیس درج نہیں کیا گیا،عمران خان بیرونی سازش پر جیوڈیشل کمیشن چاہتے ہیں تو عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں، حکومت انکوائری کمیشن بناسکتی ہے جس کا سربراہ اچھی ساکھ رکھنے والی شخص کو مقرر کیا جائے گا۔ وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی نالائقی اور کرپشن کے ٹو کے پہاڑ ہیں کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ہے، ن لیگ ایسی سیاست کو گھٹیا اور تھرڈ ڈگری کی سیاست سمجھتی ہے، عمران خان اور رفقاء کی چیخوں سے شائبہ ہوتا ہے کہ انہیں اپنے اعمال بے نقاب ہونے کا خوف ہے، عمران خان کے اپنے اندر خوف ہے جس کیلئے وہ پیش بندی کررہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی لیٹر گیٹ یا سازش کی آڑ لے کر اپنی کارکردگی نہیں چھپاسکیں گے، ویڈیوز سے متعلق الزام کا جواب دینا بھی اپنی اور ن لیگ کی ہتک سمجھتا ہوں، جج ارشد ملک کی ویڈیو سچ پر مبنی ان کے بیان کی تھی، ہم نے ارشد ملک کو کسی تھرڈ ڈگری طریقے سے بلیک میل نہیں کیا، ارشد ملک نے اعتراف کیا کہ نواز شریف کیخلاف فیصلہ دینے کیلئے انہیں ماضی کی کچھ ویڈیوز دکھا کر بلیک میل کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے مافیاز کو نوازا، پنجاب میں تعیناتیوں کیلئے پیسے لیے گئے، عمران خان کیخلاف تحقیقات کے نتائج آنے پر لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، لوگوں کی ذاتی زندگی کو بنیاد بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کے سخت خلاف ہیں، سوشل میڈیا پر ایسا کوئی مواد آیا تو حکومت ذمہ داروں کیخلا ف قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی نے منی لانڈرنگ کی ہے تو اس کا جائزہ لینا حکومت کا فرض ہے، عمران خان پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے بڑے منی لانڈرر ہیں