تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: رانیہ خان
ملبوسات: مے سون کلیکشن
آرایش: بیلا ڈونا لاؤنج بائے رابعہ بی
عکّاسی: ایم ۔کاشف
لے آوٹ: نوید رشید
ان دِنوںمُلک بَھر میں گرمی کا راج ضرور ہے، لیکن بعداز عید کہیں دعوتوں، عید ملن پارٹیز، تو کہیں شادی بیاہ کی تقریبات کی صُورت خوشیوں، مسرّتوں کے حسین و جمیل غنچے بھی کِھلے ہیں، جو ماحول کی تپش کو بہت حد تک کم بھی کررہے ہیں۔ ویسے جب معاملہ تقریبات کے لیے خُوب سجنے سنورنے کا ہو،تو پھر موسم کا مزاج چاہے جیسا ہو، لڑکیاں بالیاں عموماً زرق برق ملبوسات ہی منتخب کرتی ہیں۔ سو، آج ہم نے بھی اپنی بزم اسی مناسبت سے کچھ حسین و دِل کش اور بہت جاذبِ نظر سے تقریباتی پیراہن سے مرصّع کی ہے۔ ذرا دیکھیے، اسکن رنگ بنارسی ڈھاکا فلیپر کے ساتھ شیفون جارجٹ کی بھاری کام دارائیر لائن قمیص کیسی پیاری لگ رہی ہے، تو جیولری کا انتخاب بھی خُوب ہے۔
پھر بسکٹی رنگ بنارسی ڈھاکا فلیپر کے ساتھ ائیر لائن قمیص ہے، جس پر سلمے دبکے اور ستاروں کا کا م بہت جچ رہا ہے، تو اسٹیل بلیو رنگ میں بنارسی ڈھاکا فلیپر اور کام دار فراک کی دِل آویزی بھی کمال ہے، خاص طور پر فراک کے باٹم کے کٹ ورک کا جواب نہیں، تو ساتھ کندن کے زیور کا انتخاب بھی جاذبِ نظر ہے۔ اِسی طرح مِڈ نائٹ بلیو رنگ پیراہن کی جدّت و ندرت اور پِیچ رنگ بھاری کام دار شرارے، چولی کی دِل آویزی کے بھی کیا ہی کہنے۔ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں، ہر سہیلی بےاختیار کہہ اُٹھے گی؎’’چاند نکلا ہو جیسے بدلی سے…‘‘