• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس نے عمران کو گرفتار کیا اس کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا، فواد چوہدری

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جس نے بھی عمران خان کو گرفتار کیا اس کا پاکستان میں رہنا مشکل ہوجائے گا، وہ اپنا پاسپورٹ کمبوڈیا کا بنوالے۔

اسلام آباد میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ ’حکومت نے عمران خان کو گرفتار کیا تو پی ٹی آئی کی کیا پالیسی ہوگی؟‘ جس پر انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللّٰہ پاگل ہی ہوگا اگر عمران خان کو گرفتار کرے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آئین کےمطابق الیکشن کمیشن کو ہر وقت الیکشن کیلئے تیار رہنا چاہئے، اگر الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں کو مانا جائے تو ایک سال تک الیکشن نہیں ہوسکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کایہ مؤقف کہ انتخابات نہیں ہوسکتے ان کے استعفوں کے لیے کافی ہے، عدالت سےاستدعا تھی کہ الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیوں کی شیڈول آئین کے منافی ہے، نئی حلقہ بندیاں صرف نئی مردم شماری کے بعد ہو سکتی ہیں، الیکشن کمیشن مردم شماری کے بغیر حلقہ بندیاں نہیں کر سکتا، الیکشن نہ کرانا الیکشن کمشنر کی صریحاً بدنیتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک ماہ میں وزیراعظم 4 بیرون ملک دورے کر آئے، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں حکومت ہی موجود نہیں، ایک وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں بیٹھا ہوا ہے اور ایک پاکستان میں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دانستہ طور پر پاکستان کا دیوالیہ کیا جارہا ہے، پاکستان تحریک انصاف ملکی معیشت مستحکم چھوڑ کرگئی تھی، پاکستان کو خطرناک معاشی بحران میں دھکیلا جارہا ہے، ایک ہی تجربہ بار بار کرنا احمقانہ ہے، بہت تجربہ ہوچکا، شہباز کی حکومت کو گھر بھیج کر انتخابات کرائے جائیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں 90 دن سے ایک بھی دن اوپر عبوری حکومت منظور نہیں، پاکستان میں 90 دن میں انتخابات کرائیں، آج انتخابات کا اعلان کریں، بیٹھ کرپاکستان کے مسائل حل کریں گے، معیشت کی تباہی سیاسی بحران کی وجہ سے آئی ہے، کہا جارہا ہے اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں، میں کہتا ہوں 48 گھنٹے بھی اس حکومت کے لیے بہت زیادہ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید