اسلام آباد (آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ جس تیزی سے آج منحرف اراکین کا فیصلہ آیا ہے، اسی تیزی سے فارن فنڈنگ کا فیصلہ آنا چاہیے،فارن فنڈنگ کا فیصلہ آئیگا تو تحریک انصاف کی پوری جماعت کالعدم ہوگی، مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں پر الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کا کوئی اثر نہیں پڑیگا،مسلم لیگ ( ن ) عمران خان کے بدترین اور بدبودار احتساب اور میڈیا ٹرائلز کے باوجود آج سرخرو ہے ان کا لگایا ہوا کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوا اس بدترین احتساب کے باوجود کسی ایسے شخص کا نام لیں جو نواز شریف کو چھوڑ کر گیا ہو یا پارٹی سے انحراف کیا ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی عمران خان کیخلاف ان کے اتحادیوں نے آواز بلند کی تحریک عدم اعتماد کے ذریعے انہیں پارلیمان سے اٹھا کر باہر پھینکا گیا پنجاب اسمبلی سے بھی انہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے باہر پھینکا گیا، جس اسمبلی میں بھی ان کیخلاف تحریک عدم اعتماد آئے گی، انہیں اٹھا کر باہر پھینکا جائے گا، تحریک عدم اعتماد آئینی طریقہ کار ہے، آئین اسکی اجازت دیتا ہے، یہ تمام چیزیں ان کیخلاف آئین کی روح سے ہوئیں ڈی سیٹ ہونے والے اراکین نے دن دیہاڑے عمران خان کی پالیسیوں کیخلاف ووٹ دیا ہے ان اراکین نے عمران خان کی معاشی تباہی کیخلاف ووٹ دیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنائے فارن فنڈنگ کیس آٹھ سال سے زیر التوا ہے چار سال وزیراعظم کی کرسی پر مسلط شخص نے فارن فنڈنگ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی عمران خان نے فارن فنڈنگ ڈیکلیئر نہیں کی، فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ عمران خان کی اس فیصلے کو روکنے کیلئے عدالتوں میں درخواستیں گئیں جب بھی سماعت ہوئی الیکشن کمیشن کو گالی اور دھمکی دی گئی اور الیکشن کمیشن پر حملہ کرنے کی ہدایت جاری کی جاتی رہی آٹھ سال سے زیر التواء فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اب دنوں میں ہونا چاہیے، عمران خان سے جب فارن فنڈنگ کا سوال کریں تو کہتے ہیں دوسری پارٹیوں سے حساب مانگیں ہم نے چالیس سال کا حساب دیا ہے، آپ اپنی فارن فنڈنگ اور فرح گوگی کی لوٹ مار کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے ملازمین کے ذاتی اکائونٹس میں پیسہ منگوایا اور ڈکلیئر نہیں کیا عمران خان کی منی لانڈرنگ کے بارے میں ثبوت اسٹیٹ بینک نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی یہ اسٹیٹ بینک کا سرکاری ریکارڈ ہے جو عمران خان کو منی لانڈرر اور فارن فنڈنگ کا مجرم قرار دے چکا ہے فارن فنڈنگ کا فیصلہ آئیگا تو تحریک انصاف کی پوری جماعت کالعدم ہوگی، آج اگر نااہلی کسی کی بنتی ہے تو وہ عمران خان کی بنتی ہے۔منی لانڈرنگ، مہنگائی، عوام کو لوٹنے، کارٹلز اور مافیا کی جیبیں بھرنے پر نااہلی عمران خان کی بنتی ہے یہ نااہلی ان 25 منحرف اراکین کی نظر میں ہو چکی ہے ا لیکشن جب ہوگا تو انہیں ٹکٹ دینے کے لئے بندہ نہیں ملے گا۔علاوہ ازیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کا جواب حکومت پاکستان دیگی۔ انہوں نے کہاکہ جتنی بھی تقرریاں ہو رہی ہیں وہ حکومت کا استحقاق ہے، سپریم کورٹ نے جو سوالات پوچھے ہیں ،حکومت پاکستان مفصل جواب دیگی۔