• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم تکبیر ترقی اورخوشحالی کیلئے یکسو ہونے کادرس دیتاہے،مقررین

لاہور(خصوصی رپورٹر) یوم تکبیر پاکستانی قوم کیلئے یومِ فخر ہے۔ 28 مئی 1998ء کا دن ہماری سلامتی‘ دفاع اور قومی وقارو افتخار کی علامت کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے گا۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو، میاں نواز شریف اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ اس دن بھارت کا غرور خاک میں مل گیا اور پاکستان عسکری لحاظ سے ناقابل تسخیر بن گیا۔ یوم تکبیر کا درس یہی ہے کہ ہم ملکی دفاع‘ ترقی اور خوشحالی کیلئے یکسو ہو جائی۔ ان خیالات کااظہار مختلف شخصیات نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں ’’یوم تکبیر‘‘ کی تقریب کے موقع پرکیا ۔ تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا صدارت چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) شیخ اعجاز نثار نے کی ۔سینئر وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے اور یہ اعزاز ان کی قسمت میں ہی لکھا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام شروع کیا اوراسے پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بدقسمتی سے ہماری قوم میں برداشت کا مادہ ختم ہوتا جا رہا ہے ،ہمیں قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کاکردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے مخالف سیاسی حقیقت ہیں۔ آپ ایک دوسرے کی طاقت بنیں اور ملک کو سیاسی استحکام دیں کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ یوم تکبیر ہمیں اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیتا ہے اور اسی صورت ہم اپنی منزل پا سکتے ہیں ۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب کے نائب صدر رانا محمد ارشد پروفیسر عابد شیروانی نے بھی خطاب کیا۔سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ناہید عمران گل نے تقریب کےانعقاد پرمسرت کااظہارکیا۔ ۔ اس پروگرام میں بیگم صفیہ اسحاق،سہیل بشیر، پروفیسر ثمینہ بشریٰ، شاہد محمود، اکرام اللہ خان، مجاہد حسین سید، شہزاد خان، بوبی گجر اوردیگرافراد نے شرکت کی۔
لاہور سے مزید