• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجرم آکر بیٹھ گئے ہیں،ان کو بہت پہلے جیل جانا چاہیے تھا، عمران خان

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجرم آکر بیٹھ گئے ہیں، یہ سارے وہ لوگ ہیں جن کو بہت پہلے جیل جانا چاہیے تھا۔

پشاور میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، قوم کے لیے دو راستے ہیں ایک تباہی اور دوسرا عظمت کا راستہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کوئی نیوٹرل نہیں ہوتا، اللّٰہ نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دیتا، 25 مئی کو مشکل حالات میں میڈیا نے کوریج کی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس جدوجہد کو سیاست نہیں جہاد سمجھیں، بربریت سے لوگوں پر شیلنگ کی گئی، ماڈل ٹاؤن واقعے پر شہباز شریف اور رانا ثناء اللّٰہ کو جیلوں میں ہونا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ عدالتیں کمزور کو طاقتور سے محفوظ رکھنے کے لیے بنتی ہیں، ہم ان لوگوں کو شکست دیں گے تو پاکستان اوپر جائے گا، اگر ہم کامیاب نہ ہوئے تو یہ جنگ آپ کے بچوں کو لڑنی پڑے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انصاف کی جنگ ہے، رانا ثناء اللّٰہ لوگوں کو ڈرا رہا ہے، بزدل آدمی ظالم ہوتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مارچ میں عورتیں اور بچے نکلے ہوئے تھے ان پر شیلنگ کی گئی، مارچ کے شرکاء پر ایسے شیل پھینکے گئے جو دہشت گردوں پر پھینکے جاتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو ڈرتا ہے وہ کبھی بڑا آدمی نہیں بنا، وہ کبھی آگے نہیں بڑھتا۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ سے رولنگ لے رہے ہیں پھر میں نکلنے کا اعلان کروں گا۔

قومی خبریں سے مزید