• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آتشزدگی سے عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں، 5 پِلر متاثر ہیں، اے سی فیروز آباد

کراچی: سپر اسٹور میں لگی آگ تاحال بجھائی نہ جاسکی
کراچی: سپر اسٹور میں لگی آگ تاحال بجھائی نہ جاسکی

کراچی میں جیل چورنگی کے قریب پندرہ منزلہ رہائشی عمارت کے نیچے قائم سپر اسٹور میں اب تک آگ لگی ہوئی ہے، آتشزدگی سے عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، کمشنر کراچی امدادی کاموں کا جائزہ لینے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

گزشتہ روز لگنے والی تیسرے درجے کی آگ کے باعث عمارت کی بیرونی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں جس کے بعد عمارت خطرناک قرار دے دی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد عاصمہ بتول نے بتایا کہ آگ کی وجہ سے عمارت میں دراڑیں پڑگئی ہیں، عمارت مکمل طور پر کمزور ہوچکی ہے۔

اے سی عاصمہ بتول کا کہنا ہے کہ عمارت کے اطراف کے تمام گھروں کو خالی کرایا جا رہا ہے، عمارت کے 5 پِلر متاثر ہوئے ہیں۔

سینئر فائر آفیسر عارف منصوری کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں آگ پر 80 فیصد قابو پالیا گیا ہے، عمارت میں کہیں کہیں آگ کے شعلے ہیں، دھویں کی وجہ سے اندر جانے میں مشکلات آ رہی ہیں۔


عارف منصوری کا کہنا تھا کہ سپر اسٹور میں آگ بجھانے کے انتظامات نہیں تھے، کہیں بھی ہنگامی اخراج نہیں تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلےچند گھنٹوں میں آگ پر مکمل قابو پالیں گے۔

حکام کی جانب سے اطراف کے رہائشیوں سے مکانات خالی کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

جائے وقوعہ پر 18 فائر ٹینڈرز، واٹر باوزر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز آگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد بےہوش ہوگئے تھے۔

عمارت کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ تہہ خانے میں قائم اسٹور کا گودام ختم کروانے کے لئے کئی سرکاری اداروں میں درخواست دے چکے تاہم شنوائی نہ ہوئی۔

دوسری جانب کورنگی صنعتی ایریا میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

فائر بریگیڈ  حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا،  آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر بھی زخمی ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید