• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی 5 مخصوص نشستوں پر نئے ارکان کا نوٹیفکیشن روک دیا

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی 5 مخصوص نشستوں پر نئے ارکان کا نوٹیفکیشن روک دیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی ان 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے بعد متناسب نمائندگی کے تحت کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر نامزدگی سے متعلق فیصلہ سنادیا، چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت 5 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

الیکشن کمیشن نے آج  تحریک انصاف، ن لیگ کے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتراوصاف اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت بھی پیش ہوئے تھے، فریقین کے وکلاء کے دلائل اور جواب الجواب کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں میں 3 خواتین اور 2 اقلیتوں کی نشستیں شامل ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کیا تھا، ڈی سیٹ کیے جانے والوں میں 5 مخصوص نشستوں کے اراکین بھی شامل تھے، ڈی سیٹ ہونے والوں میں عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، عظمٰی کاردار، ہارون عمران گل اور اعجاز مسیح شامل تھے، پنجاب اسمبلی کی 20 جنرل نشستوں پر 17 جولائی کو ضمنی الیکشن ہونا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے بعد متناسب نمائندگی کے تحت مخصوص نشستیں تقسیم ہوں گی۔

قومی خبریں سے مزید