لاہور (خصوصی رپورٹر )عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، پیررضوان نفیس، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا عبدالنعیم، مولانا اشرف گجر، مولانا خالد محمود ودیگر علماء نے انڈین حکومتی پارٹی بی جے پی کی ترجمان نوپور شرماکی حضور نبی کریم ؐکی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی رہنماء نوپور شرما کی جانب سے گستاخانہ کلمات پر پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل چھلنی ہوئے ہیں،حضرت محمدؐکی شان میں گستاخی کا عمل مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ اسلامی ممالک تمام تر اختلاف بھلا کر اس مسئلہ پر بھارت کا اقتصادی، سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کرے۔علماء نے کہا اس سلسلے میں قانون سازی کی جائے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادردی مسلمانوں کے دلی جذبات کا احترام کرتے ہوئے توہین رسالت کو عالمی سطح پر جرم قراردے۔علاوہ ازیںمجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت رہنماوں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو تمام انبیاءکرام کے خلاف بد زبانی کے انسداد کا قانون بنانا چاہیے۔