بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایس ایس سی امتحانات میں ناکامی پر 4 طلبہ نے خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنی جان لینے کے یہ واقعات پیر کو نتائج کا اعلان ہونے کے بعد سامنے آئے اور دو دن میں 4 طلبہ خود کشی کرچکے ہیں۔
یہ واقعات آندھرا پردیش میں ضلع پرکاسم، اننتاپور، انمایا اور وشاکاپٹنم میں پیش آئے۔
ایک 16 سالہ نوجوان نے ڈیم میں چھلانگ لگاکر اپنی جان دی، تو ایک 15 سالہ لڑکی فیل ہونے پر دل برداشتہ ہوگئی اور پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔
ایک اور واقعے میں 15 سالہ لڑکی نے کیڑے مار دوا پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا جبکہ ایک 15 سالہ لڑکے نے ٹرین کے سامنے آکر اپنی جان دے دی۔
کوویڈ-19 کی صورتحال کے بعد سے ریاست میں تین سال بعد ایس ایس سی امتحانات ہوئے، تاہم ان کا نتیجہ طلبہ کے لیے صدمے سے کم نہ تھا۔
جب نتائج کا اعلان ہوا تو پتہ چل کہ ریاست کے 10 یا 20 نہیں بلکہ 33 فیصد طلبہ فیل ہوچکے ہیں جبکہ 67 فیصد کامیاب رہے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ ہر تین میں سے ایک طالب علم فیل ہوگیا۔
گزشتہ 20 سالوں کے دوران ریاست آندھرا پردیش میں طالب علموں کے پاس ہونے کی یہ سب سے کم شرح ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ 2019 کے بعد سے یہ پہلا بڑا امتحان تھا، جبکہ 2020 اور 2021 میں کوئی امتحان نہیں لیا گیا تھا۔