لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے روٹی اور نان کی قیمت برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ دوسری جانب نان بائی ایسوسی ایشن اور تنور مالکان نے سرکاری نرخوں پر روٹی 10 اور نان 15 روپے میں فروخت کرنے سے انکار کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آٹا اور دیگر سامان سستا دیں گے تو ہی روٹی اور نان سستی بیچیں گے۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی قیمت 10 اور نان کی 15 روپے برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
تاہم تنور مالکان نان 18 اور روٹی 12 روپے میں دے رہے ہیں، جبکہ تِل والا نان 20 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آٹا مہنگا ہونے اور دیگر اخراجات بڑھنے کی وجہ سے نان اور روٹی کی قیمت بڑھائی ہے، حکومت پرانی قیمت برقرار رکھنا چاہتی ہے تو آٹا بھی پرانے ریٹ پر فراہم کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نان اور روٹی کی قیمت بڑھنے پر خریدار پریشان ہیں اور کہتے ہیں کہ قیمت زیادہ لیکن وزن کم ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ صرف قیمتوں کے نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے، عمل درآمد کرانے والی ٹیمیں کہیں نظر نہیں آتیں، ہر کوئی من مانی قیمتیں وصول کر رہا ہے۔