بنگلہ دیش کے وزیراطلاعات حسن محمود نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل ترجمان نوپور شرما کے پیغمبرِ اسلام ﷺ کے بارے میں کیے گئے گستاخانہ تبصرے پر سخت ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
حسن محمود کا کہنا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا ہے کہ دنیا میں جہاں بھی ناموس رسالت ﷺ کے خلاف کچھ ہوتا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ گستاخانہ بیانات کامعاملہ بھارت کا اندرونی نہیں، یہ ایک بیرونی معاملہ ہے۔
حسن محمود نے معاملے پر بنگلہ دیش میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’ڈھاکہ کا معاملے کوبھڑکانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘
خیال رہے کہ ڈھاکا سمیت بنگلادیش کے دیگرشہروں میں جمعے کے روز نمازِ جمعہ کے بعد ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے تھے اور پیغمبرِ اسلام ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیانات کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔