بھارت دفاعی اخراجات کے بوجھ تلے دب گیا، پینشن سمیت دیگر اخراجات کی کٹوتی کے لیے فوج میں عارضی بنیادوں پر بھرتی شروع کردی۔
بھارتی محکمہ دفاع کے مطابق نئی بھرتیاں عارضی بنیادوں پر 4 سال کے لیے کی جائیں گی۔
نئے نظام کے تحت 17 سے 21 برس تک کے نوجوان مرد و خواتین کو مسلح افواج میں چار سال کے لیے بھرتی کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج 13 لاکھ 80 ہزار افسران اور اہلکاروں پر مشتمل ہے۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت سے نئے بھرتی منصوبے کے ذریعے فوج کے پینشن اخراجات کم کیے جاسکیں گے جس پر دفاعی بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہوجاتا ہے۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال 46 ہزار اہلکاروں کو چار سال کی مدت کے لیے بھرتی کیا جائے گا۔ اس میں سے 11 ہزار 500 اہلکاروں کی سروس مدت مکمل ہونے کے بعد بھی جاری رکھی جائے گی۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سِپری) کے مطابق 2021 میں بھارت نے اپنے دفاع پر 76.6 ارب ڈالر خرچ کیے تھے۔
یہ امریکا اور چین کے بعد کسی ملک کی جانب سے دفاعی شعبے پر خرچ کی جانے والی تیسری بڑی رقم تھی۔