پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے۔ ن لیگی رہنما کی گاڑی کو شکر گڑھ میں ٹرک نے ٹکر ماردی۔
حادثے میں دانیال عزیز زخمی ہوگئے، جبکہ ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال نارووال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز خود گاڑی چلا رہے تھے، حادثے میں ان کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز کے جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے ہیں اور ان کا ایک بازو ٹوٹ گیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو اسپتال کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دانیال عزیز کی اہلیہ مہناز عزیز سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے ان سے دانیال عزیز کی صحت سے متعلق پوچھا اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانیال عزیز بیٹوں کی طرح ہے، حادثے کی خبر پر بہت دکھ ہوا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دانیال عزیز کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ دانیال عزیز صاحب کے ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے پر ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے فرد کی اللّٰہ تعالیٰ مغفرت فرمائے۔