• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ اور مالیاتی اقدامات پر IMF نے رضامندی ظاہر کر دی : مفتاح اسماعیل

وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل —فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل —فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجٹ اور مالیاتی اقدامات پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا ہے کہ مالیاتی اہداف کے تعین پر بات ہو رہی ہے، جس پر جلد اتفاق کر لیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ گزشتہ رات ہوئے مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کے لیے آئی ایم ایف سے قرض کی رقم بڑھنے اور بیل آؤٹ پیکیج میں ایک سال کی توسیع کا امکان ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے اب تک اس سلسلے میں رضا مندی ظاہر نہیں کی ہے لیکن ہم پر امید ہیں کہ یہ فیصلہ ہو جائے گا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ہمیں کسی رکاوٹ کا اندیشہ نہیں ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ نے یہ بھی کہا ہے کہ امید ہے کہ ابتدائی طور پر مجموعی معاشی صورتِ حال اور مالیاتی اہداف پر اتفاقِ رائے ہو جائے گا، باضابطہ معاہدہ اس کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کے ترجمان ایستھر پیریز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، اگلے بجٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر 11 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس یکم جولائی سے وصول کیا جائے۔

آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے تاہم پیٹرولیم مصنوعات پر ہر ماہ 5 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ اتفاق ہوا ہے کہ پرائمری بجٹ سر پلس 152 ارب روپے ہی رہے گا، جبکہ بجٹ خسارہ 3 ہزار 900 ارب روپے ر کھنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ 2019ء میں ہوا تھا، تاہم اہداف پورے نہ ہونے پر تاحال پروگرام کی آدھی رقم ریلیز ہوئی ہے۔

آئی ایم ایف سے آخری قسط فروری میں ملی تھی، اگلی قسط مارچ کے جائزے کے بعد جاری ہونی تھی۔

عمران خان حکومت کے ایندھن کی قیمتیں روکنے سے مالی اہداف حاصل نہیں ہو سکے۔

عمران حکومت کے ایندھن کے حوالے سے فیصلے سے آئی ایم ایف کا پروگرام ٹریک سے باہر ہو گیا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت نے ایندھن پر پرائس کیپ ختم کیا ہے، 3 ہفتوں میں فیول کی قیمت 70 فیصد تک بڑھائی گئی ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید