• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عارف علوی صاحب کا بھی احتساب ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ صدر نے عمران خان کے تابعدار کارکن کی حیثیت سے کام کیا ہے، وقت آئے گا تو عارف علوی صاحب کا بھی احتساب ہوگا۔

ایوان اقبال میں پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ خود کو آئین اور قانون کا کسٹوڈین کہنے والوں نے آئین کو پیروں تلے روندا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 3 ماہ تک اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا، عارف علوی صاحب تاریخ آپ کو آئین شکن صدر کے نام سے یاد رکھے گی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ خوش نہیں ہوں کہ ایوان اقبال میں بجٹ اجلاس منعقد کیا جارہا ہے، میری کوئی انا نہیں، یہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام کا بجٹ ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹے تک ہم کوشش کرتے رہے کہ بجٹ پیش ہو، ہم نے تین ماہ تک ان کے اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بتانا چاہتے ہیں ہم کیوں اسمبلی کے ہوتے ہوئے ایوان اقبال میں اجلاس کرا رہے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کوئی عہدہ مستقل نہیں ہوتا، اللّٰہ ہمیں توفیق دے ہم مخلوق کی خدمت کریں۔

دوسری جانب ایوان اقبال میں جاری پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس میں منسٹرز ترمیمی بل 2022 سمیت سیکرٹریٹ سروسز بل 2022 ، پری ویلیج بل 2022 منظور کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2022 بھی ایوان میں منظور کرلیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید