• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں چھوٹے موبائل فون آپریٹرز کے لائسنس کے اجراء کیلئے راہ ہموار

پاکستان میں چھوٹے موبائل فون آپریٹرز کے لائسنس کے اجراء سے متعلق راہ ہموار ہو گئی۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹر (ایم وی این او) لائسنس منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا، موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز فریم ورک گزشتہ ایک سال سے وزارتِ آئی ٹی کے پاس زیرِ التواء تھا۔

نئے فریم ورک کے تحت ایم وی این اوز اپنا نیٹ ورک کسی موجودہ موبائل آپریٹر سے لیز پر حاصل کریں گے،  جبکہ اپنی برانڈنگ، پیکجز اور کسٹمر سروسز خود چلانے کے مجاز ہوں گے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن (پی ٹی اے) کی دستاویز کے مطابق پی ٹی اے نے گزشتہ سال نومبر میں ایم وی این او فریم ورک وزارت کو بھیجا تھا، جسے حتمی شکل دینے کیلئے عالمی ایم وی این او کمپنیوں سے مشاورت بھی کی گئی، وزارت قانون و انصاف نے بھی اس فریم ورک کا قانونی جائزہ مکمل کر لیا ہے۔

وزارت کے مطابق سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کیلئے لائسنس فیس میں بڑی کمی کی گئی ہے، جو پہلے 50 لاکھ ڈالر تھی، اب کم کر کے 1 لاکھ 40 ہزار ڈالر مقرر کر دی گئی ہے۔ لائسنس کی مدت بھی بڑھا کر 15 سال کر دی گئی ہے، ایم وی این اوز کے تمام تجارتی معاہدے پی ٹی اے کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔

 حکام کے مطابق اس فریم ورک کا مقصد پاکستان میں موبائل سروسز کی رسائی اور مسابقت میں اضافہ کرنا ہے اور اس سے ٹیلی کام سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری کی راہ بھی کھلے گی۔

وفاقی حکومت آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں فائیو جی سروسز لانچ کرنے کا ہدف رکھتی ہے، اور ایم وی این اوز کی منظوری کے بعد بڑے موبائل آپریٹرز اضافی اسپیکٹرم خرید کر ایم وی این اوز کو لیز پر دینے کے قابل ہوں گے، جس سے فائیو جی کے تناظر میں ٹیلی کام مارکیٹ مزید مضبوط ہو گی۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے فوراً بعد پی ٹی اے ایم وی این او لائسنس کے لیے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دے گا، اور تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید