• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڈل صوفیہ مرزا کی دوست شہزاد اکبر کے ساتھ شوہر کیخلاف انتقامی مہم کا بھانڈا بھوٹ گیا


اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا نے اپنے بہترین دوست سابق مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کے گٹھ جوڑ سے اپنے سابق شوہر کے خلاف انتقامی مہم چلائی۔

دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد نارویجین شہری عمر فاروق ظہور کے خلاف مہم کا بھانڈا عدالتی دستاویزات نے پھوڑ دیا، تین ممالک کی عدالتوں نے عمر فاروق ظہور پر لگائے گئے الزامات ثابت نہ ہونے پر کیسز خارج کر دئیے۔

عمران خان کی حکومت کے طاقتور وزیر شہزاد اکبر نے انتقامی مہم کیلئے ایف آئی اے کو استعمال کیا، حالیہ کورٹ آرڈر کے مطابق ایف آئی اے نے عمر فاروق کے خلاف کارروائی کیلئے قانون کی بھی پرواہ نہ کی۔

شہزاد اکبر اور ایف آئی اے لاہور کے سربراہ ڈاکٹر رضوان نے عمر فاروق کے خلاف کیس پر پوری قوت لگا دی، ایف آئی اے نے عمر فاروق کے خلاف کارروائی کیلئے انٹرپول سے بھی جھوٹ بولا، جج غلام مرتضی ورک نے سارا پول کھول دیا۔

اداکارہ صوفیہ مرزا کا اصل نام خوش بخت مرزا ہے اور ان کا شمار شہزاد اکبر کی بہترین دوستوں میں ہوتا ہے۔

شہزاد اکبر نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے ذریعے کارروائی کرائی، صوفیہ مرزا نے ایف آئی اے لاہور کارپوریٹ سرکل میں اپنے شوہر کے خلاف بطور خوش بخت مرزا شکایت درج کرائی۔

ذرائع کا دعوی ہے کہ شہزاد اکبر نے ایف آئی اے کو استعمال کرنے کیلئے صوفیہ مرزا کو شکایت درج کرانے کا مشورہ دیا جس کے بعد صوفیہ مرزا کی طرف سے عمر فاروق ظہور پر مبینہ فراڈ اور 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے۔

شکایت وزارت داخلہ کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ تک پہنچی، کابینہ نے عمر فاروق ظہور اور ان کے عزیز کے خلاف 16 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کی ایف آئی اے کو تحقیقات کے اجازت دیدی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے تفتیش مکمل کرنے کے بعد عمر فاروق ظہور کے خلاف دو کیسز درج کئے ہیں، تحقیقات کے مطابق عمر فاروق ظہور اور شریک ملزم نے ناروے اور سوئٹزر لینڈ میں فراڈ کئے۔

عمر فاروق ظہور پر اوسلو میں 2010 میں 89.2 ملین ڈالر کا بینک فراڈ اور برن میں 12 ملین ڈالر کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا، ایف آئی اے کو شکایت میں خوش بخت مرزا نے یہ نہیں بتایا کہ وہ بطور اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا کے نام سے معروف ہیں۔

صوفیہ مرزا نے شکایت میں یہ بھی نہیں بتایا کہ عمر فاروق ظہور ان کے سابق شوہر ہیں، شکایت میں الزام لگایا گیا کہ عمر فاروق ظہور نے کئی ممالک میں فراڈ کیا اور ناروے میں سزا یافتہ اور مطلوب ہے۔

صوفیہ مرزا کے مطابق عمر فاروق ظہور نے مبینہ طور پر 9.37 ملین ترک لیرا کا بھی فراڈ کیا، گھانا میں 510 ملین ڈالر کا مشکوک معاہدہ بھی کیا، عمر فاروق ظہور کے پاس کالے دھن کے کئی ملین ڈالر اور پاکستان و دبئی میں کئی جائیدادوں کا الزام بھی لگایا گیا۔

صوفیہ مرزا نے سابق شوہر پر سونے کی اسمگلنگ، مہنگی گاڑیاں و گھڑیوں کی ملکیت اور سونا و رقم گھر میں رکھنے کا الزام بھی لگایا۔

ماڈل صوفیہ مرزا نے ایف آئی سے استدعا کی کہ وہ ہاکستان کو بدنام کرنے والے شخص کے خلاف تحقیقات کرے، کابینہ میں شہزاد اکبر کی طرف سے پیش کی گئی سمری کے حوالے سے کوئی سوال نہیں کیا تھا۔

کابینہ کو یہ بتانے کی زحمت بھی نہیں کی گئی کہ خوش بخت مرزا ہی اصل میں صوفیہ مرزا ہیں، کابینہ کو عمر فاروق ظہور کے خوش بخت کا شوہر اور جڑواں بچیوں کی تحویل کی لڑائی سے بھی لا علم رکھا گیا۔

جوڑے کی 2008 میں طلاق کے بعد بچیاں اپنی مرضی سے والد کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں، کابینہ کو اس بات سے بھی لاعلم رکھا گیا کہ پاکستان یو اے ای کی اعلیٰ عدالتوں میں بچیوں کی تحویل کا معاملہ طے ہوچکا ہے۔

صوفیہ مرزا نے بدعنوانی کے دو مقدمات سے قبل شوہر پر بچیوں کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کروایا، والدین پر اپنے بچوں کے اغوا کا مقدمہ نہ بننے کے قانون کے باوجود شہزاد اکبر کی ہدایت پر عمر فاروق ظہور کے خلاف مقدمہ بنا، کابینہ میں سمری کی منظوری کے بعد عمر فاروق ظہور کا نام ایگزٹ کنٹرول میں ڈال دیا گیا، قانونی کارروائی مکمل کئے بغیر ناقابل ضمانت وارنٹس کے اجرا کے علاوہ پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ بلیک لسٹ کردئیے گئے، انٹرپول کے ذریعے عمر فاروق ظہور کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹس بھی جاری کر دئیے گئے۔

عمر فاروق ظہور نے لائبیریا کے سفیر کے طور پر ایف آئی اے کے اقدامات کو ختم کرانے کیلئے کارروائی شروع کی، عدالتی کارروائی کے بعد ناقابل ضمانت وارنٹس اور ریڈ وارنٹس منسوخ ہوئے۔

عدالت نے یہ مشاہدہ کیا کہ اشتہاری قرار دینے سے قبل مجوزہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا تھا، عدالت نے یہ مشاہدہ بھی کیا کہ 2019 سے لائبیریا کا سفیر ہونے کی حیثیت سے عمر فاروق ظہور کو قانونی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہے۔

عمر فاروق ظہور کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے ڈفیوژن نوٹس جاری کیا، عمر فاروق کو استثنیٰ اور ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹس جاری کرائے گئے۔

عدالتی حکم نامہ کے مطابق ایف آئی اے نے ڈفیوژن نوٹس کی اجازت کے حوالے سے انٹرپول سے جھوٹ بولا، ایف آئی اے کے غیر قانونی اقدامات سے بچانے کیلئے عمر فاروق نے جوڈیشل مجسٹریٹس لاہور غلام مرتضی ورک سے رابطہ کیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹس لاہور غلام مرتضی ورک کے مشاہدے میں یہ بات آئی دونوں کیسز میں نہ تو ناقابل ضمانت وارنٹس جاری کئے گئے اور نہ ایف آئی اے کی جانب سے کوئی رپورٹ پیش کی گئی، عمر فاروق ظہور کا نام سرخیوں میں اس وقت آیا جب بشیر میمن نے عمران خان کے غیرقانونی احکامات ماننے سے انکار کا انکشاف کیا۔

بشیر میمن پر مارچ 2022 میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے عمر فاروق کو پاکستان کے دورے کرنے کی غیر قانونی اجازت دی، سوئس حکام نے 7 دسمبر 2020 کو تصدیق کےشواہد کی کمی اور ٹائم بار جے سبب عمر فاروق کے خلاف کیس خارج کردیا گیا۔

ترک باشندے کی طرف سے لگائے گئے فراڈ کے الزام کی نیب نے انکوائری کی، کرپشن کا کوئی ثبوت نہ ملنے پر اگست 2013 کو احتساب عدالت نے عمر فاروق کی کلین چٹ دی تھی۔

مئی 2020 میں ناروے حکام نے بینک فراڈ کیس عدم ثبوت پر عمر فاروق کے خلاف کیس بند کردیا تھا، سوئٹزلینڈ اور ناروے کی طرف سے عمر فاروق ظہور پر کیسز ختم ہوتے ہی ان پر پاکستان میں عجلت میں کیسز بنائے گئے۔

قومی خبریں سے مزید