رہنما پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ گئے، حمزہ شہباز کو ہم پر مسلط کیا گیا، حمزہ شہباز کا انتخاب قوانین اور آئین کے خلاف ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے ریجنل الیکشن کمیشن کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ دوبارہ گنتی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، اڑھائی ماہ سے یہ کیس چل رہا تھا اب ہمیں ایک دن کی مہلت نہیں دی جا رہی، ہم پُر امن الیکشن چاہتے ہیں، الیکشن فری اینڈ فیئر ہونا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر پی پی 217 نے میری شکایت سنی، ن لیگ کےامیدوار سلمان نعیم انتخابی مہم کے لیے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، زین قریشی کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست جمع کروا دی ہے، سرکاری وسائل استعمال کرنےکی فوٹیج اور تصاویر بطور ثبوت پیش کیے ہیں۔
انہوں نے مہنگائی پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی پی 217 میں رینجرز کی تعیناتی خوش آئند ہے، مہنگائی کاطوفان ہے، پیٹرول مزید مہنگا کر دیا ہے، اسحاق ڈار کچھ نہیں کر سکیں گے، اسحاق ڈار بیمار اور لاچار ہو کر ملک سے باہر گئے تھے، کیا وہ صحتیاب ہوگئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل سے مت پوچھیں عوام سے پوچھیں معیشت کا کیاحال ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمٰن کی جماعت میں بے چینی ہے، مولانا کی جماعت نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔