• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی الیکشن کیلئے ہماری اکثریت واضح ہوگئی، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے ہماری اکثریت واضح ہوگئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ صورتحال واضح ہے، عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، پریڈ گراؤنڈ میں آج تک کسی کی جلسہ کرنے کی جرات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کی کانپیں ٹانگ گئی ہیں، جب کچھ نہیں ملا تو عمران خان پر ذاتی حملے شروع کر دیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مریم نے جھوٹ بولا سب سے بڑا جو ریلیف پیکیج ہے وہ ممکن نہیں، پنجاب میں سب سے بڑا ریلیف پیکیج عمران خان کا صحت کارڈ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، ضمنی انتخاب والے حلقوں میں غیرقانونی طور پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تاحال پنجاب میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے 18 دن بعد فارغ ہو جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں ترامیم کر کے اربوں روپےکا ریلیف لیا، ان کے پاس ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ کا کوئی جواب نہیں، ان کے پاس جواب نہیں تو یہ ذاتیات پر اتر آئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید