بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں سیلابی ریلے کے ساتھ کار دریا میں بہہ جانے کے سبب ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی ویب سائٹ ’اے این آئی‘ کے مطابق اتر اکھنڈ کے ضلع نینی تال کے علاقے میں ایک کار سیلابی ریلے کی نظر ہو گئی، کار ندی سے ہوتے ہوئے دریا میں بہہ جانے کے سبب اس میں سوار 11 میں سے 9 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ مقامی افراد نے کار میں سوار ایک لڑکی اور ایک شخص کو بچا لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ آج صبح رام نگر میں ڈھیلا ندی کے سیلابی ریلے کے سبب پیش آیا، مرنے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جا رہا ہے۔
اتراکھنڈ کی مقامی پولیس کے مطابق دریا میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے ماہر تیراکوں کی مدد لی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد اتراکھنڈ میں تفریح کے لیے آئے تھے جن کا ایک ہی خاندان سے تعلق تھا۔