• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیبہ گل الزامات: ڈی جی نیب لاہور نے پی اے سی طلبی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) قومی احتساب بیورو (نیب) میجر (ر) شہزاد سلیم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے طلبی احکامات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

طیبہ گل کی جانب سے ہراسانی کے سنگین الزامات پر پی اے سی میں طلبی کے معاملے پر ڈی جی نیب لاہور عدالت عالیہ پہنچ گئے۔

شہزاد سلیم نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ متاثرہ خاتون کے لیے متعلقہ فورم موجود ہیں، پی اے سی اس قسم کی درخواست پر انکوائری شروع نہیں کر سکتی۔

ڈی جی نیب لاہور نے اپنی درخواست میں سیکریٹری نیشنل اسمبلی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور دیگر کو درخواست میں فریق بنایا ہے۔

انہوں نے پی اے سی میں 14 جولائی کو طلب کیے جانے کے آرڈر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور کہا کہ طیبہ گل نے پی اے سی میں بدنیتی پر مبنی درخواست دی۔

شہزاد سلیم نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ طیبہ گل اس سے قبل احتساب عدالت لاہور میں بھی اسی نوعیت کی درخواست دائر کر چکی ہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں متوازی کارروائی احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں مداخلت کے برابر ہو گی۔

درخواست گزار کے مطابق چیئرمین پی اے سی کے خلاف مالی غبن کی نیب انکوائری زیر التوا ہے، پی اے سی کے طلبی نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔

ڈی جی نیب لاہور نے درخواست میں کہا کہ طیبہ گل سے متعلقہ ایک درخواست فیڈرل شریعت کورٹ میں بھی زیر التوا ہے، یہ بات بھی خارج از امکان نہیں کہ چیئرمین پی اے سی نے ذاتی مفاد کے لیے یہ درخواست خود دلوائی ہو۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ممکن ہے کہ چیئرمین کوئی بدلہ لینا یا اس طرح بلا کر اپنی انکوائری کے معاملے میں فائدہ لینا چاہتا ہو۔

قومی خبریں سے مزید