• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے شیخ رشید سپریم کورٹ پہنچ گئے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔

شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

سابق وزیرِ  داخلہ کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ کی شق 94 میں کی گئی ترمیم کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔

درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا جائے۔

شیخ رشید کا درخواست میں مؤقف ہے کہ پوری دنیا میں 9 ملین اوورسیز پاکستانی ہیں۔

ان کا درخواست میں کہنا ہے کہ مقننہ نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے پائلٹ پراجیکٹ کرنے کا کہا ہے، جبکہ پائلٹ پراجیکٹس معاشی یا کمرشل معاملات میں کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ آرٹیکل 218 کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ صاف شفاف انتخابات کرائے، حکومت کی الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترمیم آرٹیکل 218، 219 اور 222 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترمیم کالعدم قرار دی جائے۔

قومی خبریں سے مزید