• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، موسلادھار بارشوں کے سبب سڑکوں سمیت اہم عمارتیں بھی زیرِ آب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

شہرِ قائد کراچی میں گزشتہ دن شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے سبب سڑکوں سمیت اہم عمارتیں بھی زیرِ آب آ گئی ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ اور سٹی کورٹ مکمل طور پر زیرِ آب ہیں، سندھ ہائی کورٹ میں کئی فٹ تک بارش کا پانی موجود ہے۔

چھٹی کے باوجود عدالتوں میں تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا، سندھ ہائی کورٹ میں پانی ہونے سے عدالتی عملہ بھی نہ پہنچ سکا جبکہ برساتی پانی کے سبب وکلاء اور سائلین کو عدالتوں میں پہنچنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، شہریوں کو پاک فوج اور رینجرز کے ٹرکوں سے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح نارتھ کراچی، دو منٹ چورنگی پر بھی بارش کا پانی موجود ہے۔

ڈیفنس فیز 6 زیرِ آب آ گیا، خیابانِ ہلال، خیابانِ شہباز میں بھی 2 سے 3 فٹ برساتی پانی موجود ہے۔

ہر سال مون سون سیزن کی طرح اس سال بھی موسلادھار بارشوں کے سبب لیاری ندی کا پانی اوور فلو ہو کر کورنگی کازوے اور کورنگی کراسنگ پر آ گیا ہے، پولیس کی جانب سے دونوں راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کورنگی جانے کے لیے جام صادق پل استعمال کیا جا سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید