مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارت کا ایک اور مذموم منصوبہ سامنے آگیا، بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ وادی کے ہر گھر پر بھارتی ترنگا لہرانے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
قابض انتظامیہ کو اگست کے وسط میں وادی کے ہر گھر پر بھارتی جھنڈا لہرانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وادی کے لوگوں، دکانداروں اور طلبا کو بھارتی پرچم خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، وادی کے دکانداروں کو بھارتی پرچم خریدنے کے لیے 20 روپے جمع کرنے کے لاؤڈ اسپیکرز پر اعلانات کیے جا رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گاڑی پر لگے لاؤڈ اسپیکرز سے ہونے والے اعلانات کی وڈیو شیئر کردی۔
محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت ہر گھر ترنگا مہم کے لیے لوگوں کو بھارتی پرچم خریدنے پرمجبور کر رہی ہے۔
بھارتی حکومت کی مہم سے لگتا ہے کشمیر دشمن کا علاقہ ہے جس پر قبضہ کرنے کی ضرورت ہے، حب الوطنی فطری طور پر آتی ہے، حب الوطنی کو مسلط نہیں کیا جا سکتا۔