• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں ہفتے 30 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سامنے آگئے، ملک میں رواں ہفتے مہنگائی میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 3 اعشاریہ 68 فیصد اضافہ ہوا، 30 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے دالیں، گوشت، ٹماٹر، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 37 اعشاریہ67 فیصد پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 177 روپے 27 پیسے مہنگا ہوا، جس کی اوسط قیمت 2 ہزار701 روپے ہوگئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق دال مسور 12 روپے 54 پیسے مہنگی ہوئی ہے، جس کے بعد اوسط قیمت 312 روپے 37 پیسے فی کلو ہے۔

رپورٹ کے مطابق دال ماش کی قیمت میں 9 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوا، یوں قیمت 334 روپے 85 پیسے تک پہنچ گئی جبکہ دال چنا کی قیمت 5 روپے 43 پیسے فی کلو بڑھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 25 روپے 27 پیسے، لہسن، 5 روپے 42 پیسے، بیف 6 روپے 93 پیسے، مٹن 3 روپے 45 پیسے،آلو 36 پیسے فی کلو مہنگا ہو گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ہفتے کے دوران تازہ دودھ، چینی، دہی ماچس اور نمک کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کم آمدن طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 31 اعشاریہ 23 فیصد اور متوسط طبقے کے لیے 38 اعشاریہ 06 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 7 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، پیاز 9 روپے 17 پیسے فی کلو سستا ہوا۔

زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 28 روپے 11 پیسے کمی ہوئی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 31 روپے 82 پیسے کمی آئی جبکہ حالیہ ہفتے 14 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

قومی خبریں سے مزید