• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی اردن میں امریکی فوجی طیاروں کو نقصان پہنچنے کی تردید

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اردن میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی طیاروں کو نقصان پہنچنے کی تردید کر دی۔

اردن میں واقع فوجی تنصیب پر ایرانی حملوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ کوئی نقصان نہیں ہوا، اردن میں امریکی فضائی اڈے کو نقصان پہنچنے کی رپورٹس میں ذرہ بھر بھی صداقت نہیں۔

خیال رہے کہ ٹرمپ کا یہ بیان ان ابتدائی رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن کے مطابق ایرانی جوابی حملوں کے نتیجے میں اردن کے مؤفق السلطي ایئر بیس پر متعدد امریکی فوجی طیاروں کو نقصان پہنچا تھا۔

سی بی ایس نیوز کی نامہ نگار جینیفر جیکبز نے صورتِ حال سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ رات گئے ہونے والے حملے کے دوران کئی امریکی فوجی طیاروں کو نقصان پہنچا۔

ایک الگ رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ اردن میں ایک اے-10 تھنڈر بولٹ ٹو (A-10 Thunderbolt II) اور 8 ایف-15 لڑاکا طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایف-15 طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا تھا اور بعد ازاں انہیں دوبارہ سروس میں شامل کر دیا گیا تھا۔

یہ مبینہ حملہ امریکی فورسز کی جانب سے ایرانی خام تیل کے 5 ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے جواب میں کیا گیا تھا۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ طیاروں کو نقصان پہنچنے سے متعلق ٹرمپ کا انکار امریکی میڈیا اور امریکی حکام کی جانب سے سامنے آنے والی ان رپورٹس سے متضاد ہے جن میں اردن کے اڈے پر امریکی طیاروں کو نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید