• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کا شعور بیدار کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں،خاتون اول

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے میڈیا اور پاکستان میں کام کرنے والی قومی و بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین میں چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کے بارے میں خاص طور پر دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کریں۔۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں چھاتی کے سرطان کی روک تھام اور علاج کے لئے پاکستان میں کام کرنے والی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول نے کہا کہ ہم سب کو سال بھر آگاہی کی سرگرمیوں کا اہتمام کر کے اس مہلک مرض کو شکست دینے کے لیے ہم آہنگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں بیماری کی دیر سے تشخیص کی وجہ سے چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے۔ دریں اثناء اقراءیونیورسٹی میں یوم آزادی کے حوالے سےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم اور اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، خواتین اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا اور انہیں روزگار کی فراہمی حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو نیوٹک کے ذریعے مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔ انہوں نے حکومتی اداروں پر زور دیا کہ وہ روزگار میں خواتین اور خصوصی افراد کا کوٹہ بڑھائیں تاکہ ان کااحساس محرومی ختم ہوسکے۔
اسلام آباد سے مزید