• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی قتل کیس، پیش نہ ہونے پر ملزمہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

کوئٹہ(این این آئی) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے بعدازگرفتاری ضمانت پر رہا ملزمہ کے مسلسل چوتھی مرتبہ عدالت میں پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ پیر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت مقتول صحافی عبدالواحد رئیسانی شہید کے بھائی اسفند یار رئیسانی ان کے وکیل سینئر قانون دان وسابق سینیٹر ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ ، سینئر قانون دان طاہر حسین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ،دوران سماعت مقدمہ میں بعداز گرفتاری ضمانت پر رہا، ملزمہ مسماۃ رابعہ مسلسل چوتھی مرتبہ عدالت میں پیش نہیں ہوئی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 24اگست تک ملتوی کردی۔سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظور احمدرند نے عدالتی حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان اور صحافیوں کو عدالت سے انصاف ملنے کی امید ہے ۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ آئی جی پولیس ڈی آئی جی کوئٹہ کیس کی خود نگرانی کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو مفرور ملزم سمیت ضمانت پر رہا ملزمہ کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کریں انہوںنے سینئر قانون دان ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ اور طاہر حسین ایڈووکیٹ کی جانب سے متاثرہ خاندان کو قانونی معاونت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کی صحافتی برداری ان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
کوئٹہ سے مزید