امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو پسند کرتا ہوں، پاکستان کے فیلڈ مارشل عظیم شخص ہیں۔
واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس کے کے موقع پر افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے 8 جنگیں ختم کروائیں، نویں جنگ خاتمے کے قریب ہے، پائیدار امن کےلیے غزہ امن بورڈ اہم فورم ہے، ہمارے امن بورڈ کی طرح مضبوط اور اہم دوسرا کوئی بورڈ موجود نہیں، اس میں دنیا کے اہم ممالک شامل ہوئے ہیں، اپنے اہداف اور اہمیت کے حوالے سے امن بورڈ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم غزہ کے لوگوں کے لیے روشن مستقبل چاہتے ہیں، آرمینیا اور آذربائیجان نے امن کا انتخاب کرتے ہوئے معاہدہ کیا۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ شدت اختیار کر رہی تھی، ہم نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پاک بھارت جنگ رکوائی، بھارتی وزیراعظم مودی کو بتا دیا تھا کہ جنگ نہ روکی تو بھاری ٹیرف لگائیں گے، پاک بھارت جنگ میں 11 جیٹ طیارے گرائے گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ اچھی بات چیت ہو رہی ہے، با معنی معاہدہ کرنا ہے، تقریباً 10 دنوں میں ایران کے بارے میں پتا چل جائے گا، ہمیں اس کے ساتھ کچھ کام کرنا ہے، ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، اس کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے تو خطے میں امن ممکن نہیں ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا امن بورڈ کے لیے 10 ارب ڈالر کا حصہ ڈالے گا، ابھی کچھ دیر میں اقوام متحدہ سربراہ انتونیو گوتریس سے بات کروں گا، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اقوام متحدہ قابل عمل رہے، اقوام متحدہ بہت اہم ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق کام کرے گی، غزہ کے لیے اقوام متحدہ امدادی دفتر 2 ارب ڈالر جمع کر رہا ہے، غزہ میں فٹبال پراجیکٹ کے لیے فیفا 75 ملین ڈالر جمع کرنے میں مدد کرے گا، چین اور روس بھی اس میں شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ غزہ امن بورڈ کا اجلاس ڈونلڈ ٹرمپ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں ہوا، وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس شروع ہونے سے پہلے شرکاء کا گروپ فوٹو ہوا، غزہ امن بورڈ اجلاس میں پاکستان سمیت 47 ممالک شریک تھے ، اسرائیل اور یورپی یونین بھی شرکت کریں گے۔