• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کار میں ڈوبنے والے 5 افراد کی آج بھی تلاش جاری

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

کراچی کے علاقے ملیر میں موٹر وے ایم 5 لنک روڈ پر سیلابی ریلے میں 2 روز قبل ڈوبنے والی کار میں سوار باقی 5 افراد کی تلاش کے لیے آج بھی آپریشن جاری ہے۔

ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے ریسکیو آپریشن آج صبح ہی شروع کر دیا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عرفان علی بہادر کے مطابق ڈوبنے والی کار لنک روڑ سے 2 سے ڈھائی کلومیٹر دور گزشتہ روز صبح سویرے مل گئی تھی، ڈوبنے والے 7 افراد میں سے 1 بچی سمیت 2 کمسن بہن بھائیوں کی لاشیں گزشتہ روز نکالی گئی تھیں۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق پانی کا بہاؤ اس قدر تیز تھا کہ بچے کی لاش 7 کلو میٹر دور کے علاقے سے جبکہ بچی کی لاش 10 کلو میٹر دور ملی۔

عرفان علی بہادر کے مطابق گزشتہ روز بارش نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ملیر ندی میں سطحِ آب نیچے آ گئی ہے اور پانی کا بہاؤ کم ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملیر کے تمام تھانوں کی پولیس کو مطلع کر دیا گیا ہے اور تمام گمشدہ افراد کی تلاش سرگرمی سے شروع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ملیر لنک روڈ پر تیز بارش کے دوران سڑک سے گزرنے والا سیلابی ریلہ کراچی سے حیدر آباد جانے والی کار کو بہا کر لے گیا تھا۔

کار میں ڈرائیور کے علاوہ میاں بیوی اور ان کے 4بچوں سمیت 7 افراد سوار تھے۔

قومی خبریں سے مزید