فن لینڈ کے وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم سنا مارین کا ڈرگ کا ٹیسٹ منفی آگیا۔
انہوں نے یہ ٹیسٹ ایک نجی پارٹی کی ویڈیو لیگ ہونے کے بعد شبہات دور کرنے کی خاطر کروایا تھا۔
وزیر اعظم کے خصوصی مشیر آئیڈا ویلین (Iida Vallin) نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم سنا مارین پر مختلف ڈرگ کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا ، جس کے باعث ان سے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 19 اگست 2022 کو لیے گئے ڈرگ کے ٹیسٹ میں ڈرگ کی موجودگی کا انکشاف نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے فن لینڈ کی 36 سالہ وزیراعظم سنا مارین کی پارٹی کرتے ہوئے ویڈیوز لیک ہونے پر انہیں کافی تنقید کا سامنا تھا اور ان سے ڈرگ ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
وزیراعظم سنا مارین نے ڈرگ کے استعمال کی تردید کی تھی۔ شبہات کو دور کرنے کے لیے انہوں نے ٹیسٹ کروایا جو منفی آیا۔
اس سے قبل 2021 میں کوویڈ 19 کی وباء کے دوران بھی انہیں پارٹی کرنے کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یاد رہے کہ سنا مارین نے دسمبر 2019 میں فن لینڈ کی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا اور اب تک انہیں اپنی جماعت کا اعتماد حاصل ہے۔