• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فن لینڈ، وزیراعظم نے اپوزیشن کو لعن طعن کے بجائے 24 گھنٹے میں ٹیسٹ کرا لیا

کراچی، اسلام آباد (نیوز ڈیسک، محمد صالح ظافر ) فن لینڈ کی وزیر اعظم سنا مرین نے اپوزیشن کے الزامات کے بعد ان پر لعن طعن کےبجائے 24گھنٹوں سے بھی کم وقت میں اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروالیا ہے ۔

اس طرح انہوں نے اپوزیشن پر جوابی الزامات کے بجائے اپنی سچائی ثابت کردی ۔ 

انہوں نے بتایا کہ اپنا منشیات کا ٹیسٹ (ڈرگ ٹیسٹ) کروا لیا ہے۔انہوں نے جمعے کے روز پریس کانفر نس کرتے ہوئے بتایا کہ میں امید کرتی ہوں کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں میرے الفاظ پر بھروسہ کیا جاسکتا تھا تاہم جب شکوک وشبہات پیدا کئے گئے تو اسی لئے میں نے ٹیسٹ کروالئے ہیں ۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہو کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گی تاہم انہیں ویڈیو کے لیک کئے جانے پر افسوس ہے ۔ 

36 سالہ سنا مرین کی ایک حالیہ ویڈیو لیک ہونے کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا۔ اس ویڈیو میں انہیں فن لینڈ کی بعض معروف شخصیات کے ساتھ ڈانس کرتے اور گانے گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

ویڈیو میں وہ ایک شخص کیساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہیں جو ان کے شوہر نہیں ہیں ۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے اُن سے ڈرگ ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔ 

جمعہ کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران سنا مرین نے بتایا کہ انہوں نے ڈرگ ٹیسٹ کروا لیا ہے جس کے رپورٹ آئندہ ہفتے کے دوران موصول ہو جائے گی۔

 سنا مرین پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ وہ منشیات کے زیر اثر نہیں تھیں بلکہ انھوں نے صرف شراب پی تھی اور وہ پارٹی کر رہی تھیں۔ 

نیوز کانفرنس کے دوران وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر ان الزامات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے پارٹی کے دوران منشیات استعمال کی تھی۔ 

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میں نے کچھ بھی غیرقانونی نہیں کیا۔ ٹین ایج (نو عمری) میں بھی میں نے کبھی منشیات استعمال نہیں کیں۔‘

 ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے منشیات کا ٹیسٹ صرف لوگوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے کروایا ہے۔ 

یاد رہے کہ سنا مرین جب فن لینڈ کی وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں تو وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے والی دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت تھیں۔

 وہ کبھی بھی اپنی نجی پارٹیوں کو راز میں نہیں رکھتیں اور اکثر میوزک تقریبات میں نظر آتی ہیں۔ گذشتہ برس انہوں نے اس وقت کلب جانے پر معذرت کی تھی جب وہ وہاں ایک ایسے شخص سے رابطے میں آئی تھیں جسے کورونا تھا۔ 

گذشتہ ہفتے جرمن اخبار ’بِلڈ‘ نے انہیں ’کولیسٹ پرائم منسٹر اِن دی ورلڈ‘ کا خطاب دیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید