پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ مرحلہ وار تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے وہ بھارت کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔
دبئی میں بھارت کے خلاف ایشیا کپ 2022ء کا میچ نسیم شاہ کا پہلا ٹی 20 میچ ہوگا، وہ مختصر طرز کی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے 96ویں کھلاڑی بن جائیں گے۔
ایونٹ کے ہائی وولٹیج میچ کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ فائنل الیون میں بھارت کے خلاف پاکستان 3 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گا اور بولنگ لائن میں اتنے ہی اسپنرز رکھے گئے ہیں۔
پاکستان کی طرف سے فاسٹ بولرز میں نسیم شاہ، شاہنواز ڈھانی اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ ہیں، وسیم جونیئر کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے حسن علی کو فی الحال آرام کروایا جائے گا۔
نسیم شاہ نے ایونٹ کے اہم ترین میچ میں ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحلہ وار تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز ملنے پر بہت خوشی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی فارمیٹ کا ڈیبیو میچ کھلاڑی کے کیریئر کے لیے بہت اہم ہوتا ہے، خواہش ہے اپنی ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دوں۔