• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرے ون ڈے میں زمبابوے کو شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

تیسرے ون ڈے میں کامران غلام نے شاندار سنچری بنائی۔ — فائل: سوشل میڈیا
تیسرے ون ڈے میں کامران غلام نے شاندار سنچری بنائی۔ — فائل: سوشل میڈیا

سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بھی پاکستان نے زمبابوے کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 99 رنز سے شکست دے کر پہلے میچ میں ناکامی کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے سیریز 1-2 سے جیت لی۔ 

بلاوایو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بولاوایو میں پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق نے اننگ کا آغاز کیا اور ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز تک پہنچایا جہاں صائم ایوب 31 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد عبداللّٰہ شفیق کے ساتھ کامران غلام نے پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 22 اوورز میں 100 رنز تک پہنچایا۔ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 23ویں اوور میں 112 رنز پر گری جب عبداللّٰہ شفیق 50 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 39.2 اوورز میں 201 رنز پر گری، محمد رضوان 37 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 44.3 اوورز میں 232 رنز پر گری، کامران غلام 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 47.3 اوورز میں 273 رنز پر گری، سلمان آغا 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ 48.4 اوورز میں 283 رنز پر گری، عرفان خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 41ویں اوور میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 

زمبابوے کی جانب سے کریگ ایروائن 51 اور برائن بینٹ 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آدیوناشے مرومانی اور شان ولیمنز نے 24، 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ہوم ٹیم کا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردی نہیں دکھا سکا۔ 

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، ابرار احمد، حارث رؤف اور عامر جمال نے دو دو جبکہ فیصل اکرم اور کامران غلام نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ تین میچز کی سیریز کا پہلا میچ زمبابوے جبکہ دوسرا پاکستان نے جیتا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید