• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حامد خان کے بیان پر فواد چوہدری کا ردِعمل

عدالت میں حامد خان کے بیان پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ردِعمل دیتے ہوئے حامد خان کو سابق چیف جسٹس پاکستان کے بیٹے ارسلان افتخار کا پارٹنر قرار دے دیا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان معافی مانگیں یا نہ مانگیں یہ مسئلہ نہیں ہے، عدالت کو مشورہ دیا کہ وہ شہباز گِل پر تشدد اور توہین عدالت کے کیس دونوں کو ساتھ سنے۔

ایک اور بیان میں فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ ابھی تک ہماری جماعت نے عوام کو روکا ہوا ہے، اگر فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا تو پھر فیصلہ عوام کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو سزا اس وقت ہوئی جب وہ اپنی مقبولیت کھو چکے تھے جبکہ عمران خان اس وقت اپنی مقبولیت کی معراج کو چھو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو سزا نہیں دی جاسکتی۔ نااہل کرنے والے سوچیں کہ عمران کو ہٹائیں گے تو کیا خود رہ پائیں گے۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے بتایا کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو معافی مانگنی چاہیے۔

اس پر عمران خان کے وکیل حامد خان نے جواب دیا کہ ہمارا فواد چوہدری کے بیان سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس شخص سے کسی اچھائی کی توقع بھی نہیں کی جاسکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید